شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی ایم کیو ایم کے شکوے شروع
ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو خطاب میں پارٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے کا ذکر کرنا چاہیے تھا۔

نئی حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی شکوے شکایات شروع کر دیئے، ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے نومنتخب وزیراعظم کے خطاب میں پارٹی کا ذکر نہ ہونے پر شکوہ کیا۔
وسیم اختر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی تقریر میں متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا ذکر بھی کرنا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے وفاق اور سندھ کی سطح پر ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔
ایم کیو ایم نے ان کا ساتھ دیا اسی لیے شہباز شریف کا وزیراعظم بننا ممکن ہوا، اس لیے اُن کی تقریر میں ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کا اعلان ہونا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ایم کیو ایم نے اپوزیشن اتحاد کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
اگرچہ ایم کیو ایم اُس وقت پی ٹی آئی حکومت اور عمران خان کی اتحادی تھی لیکن اس نے سیاسی لائحہ عمل تبدیل کرتے ہوئے اپوزیشن کا ساتھ دیا تھا۔









