نواز شریف کا پاکستانی ڈاکٹرز پر اعتماد بحال، عید کے بعد واپس آجائیں گے، جاوید لطیف

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چونکہ حکومت اپنی ہے اور اب کوئی مائی کا لعل میاں نواز شریف کو صحت یاب ہونے سے نہیں روک سکتا ہے۔

سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لیطف نے کہا ہے کہ وہ عید کے بعد وطن واپس آجائیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام آپس کی بات میں گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف ان شاء اللہ عید کے فوری بعد پاکستان آرہے ہیں۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ ہم قانون اور عدالتوں کے فیصلوں کو فیس بھی کریں گے۔ صرف خواہش یہ ہے کہ کوئی لاڈلہ نہ ہو۔ اور کسی پر ظلم نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی ایم کیو ایم کے شکوے شروع

گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان اپنے عہدے سے مستعفی

میاں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ آج کل پاکستان کے ڈاکٹر صحیح علاج کررہے ہیں ، اور کوئی وباء بھی نہیں ہے تو یقیناً جب وباء نہیں ہے ڈاکٹر بہتر علاج کرسکتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف جیل جانے کو تیار ہیں ، اور اپنے کیسز کو فیس کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف سے صحافی نے نواز شریف کی وطن واپسی اور کیسز سے متعلق سوال کیا تھا جس پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کے خلاف کیسز کو قانون کے مطابق دیکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ کچھ آئینی تقاضے اور روایات پوری کرنی چاہئیں۔ تاہم پچھلے 25 دنوں میں آئینی اور قانونی روایات کی پاسداری نہیں کی گئی ۔ پی ٹی آئی والوں کا وطیرہ ہے کہ جب اسمبلی میں خود نہ ہوں تو اسمبلی کو گالی اور جب آپ خود حکومت میں نہ ہوں تو حکومت کو گالی ۔

میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا میں اپنی حکومت سے دو کاموں کی امید رکھتا ہوں ، پاکستانی قوم کو جذباتی کیا جاتا ہے جب یہ کہا جاتا ہے کہ عالمی سازش ہو گئی ملک کے خلاف ، سوچے بغیر پوری پاکستانی قوم اکٹھی ہو جاتی ہے ، مذہب کارڈ استعمال کیا جائے پوری پاکستانی قوم اکٹھی ہو جاتی ہے اور تیسرا جب آئین پر حملہ ہوتا ہے تو اس وقت لوگ اکٹھے ہوتے ہیں۔ اگر پاکستان کو پھر سے آئین کی پٹری پر چڑھانا ہے تو پھر آپ کو کمیشن بنانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا ہم نے ایک غیر آئینی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا ہے۔ ان کا کہنا تھا میں یہ آپ کو پوری ایمانداری سے بتا رہا ہوں  آنے والے دنوں میں اگر گرفتاریاں ہوں گی تو اس میں ہمارا عمل دخل نہیں ہوگا۔

میاں جاوید لطیف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ اب چونکہ حکومت اپنی ہے اور اب کوئی مائی کا لعل نواز شریف صاحب کو صحت یاب ہونے سے نہیں روک سکتا ہے ، بحیثیت انسان ہماری دعا ہے کہ اللہ ان کو صحت دے ۔ وہ آٹھ ہفتوں کے لیے گئے تھے اب ان کے اللہ کے فضل سے پلیٹ لیٹس اور 17 قسم کی بیماریاں بھی ختم ہو گئی ہیں ، تاہم ہماری دعا ہے کہ اس ملک کے مسائل حل ہوں۔

متعلقہ تحاریر