اسٹاک مارکیٹ سال کی بلندترین سطح پربند ،ڈالر کی قدر میں کمی جاری
100انڈیکس 262پوائنٹس اضافے سے 46ہزار 407 کی سطح پر بند ہوا، انٹر بینک میں ڈالر91پیسے اور اوپن مارکیٹ میں ڈیڑھ روپے سستا ہوگیا

ملک میں سیاسی استحکام اور نئی حکومت آنے کے بعد معاشی اعشاریے مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے روز اضافے کے بعد آج رواں سال کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی جبکہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز کاروبار کا مثبت رجحان رہا اور 100 انڈیکس 2022 کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے بھاری رقم نکلوائی گئی؟ اسٹیٹ بینک نے تردید کردی
پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں مشکلات کا اندیشہ
اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کے زبردست اضافے کے بعد آج کاروبار کے آغاز پر ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔ دن بھر ہنڈرڈ انڈیکس میں اتار چڑھاؤ جاری رہا۔
تاہم مارکیٹ کے اختتام پر 262پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100انڈیکس 46ہزار 407 کی سطح پر بند ہوا۔ حالیہ تین سیشنز میں انڈیکس 2 ہزار 620 پوائنٹس بڑھا ہے، سرمایہ کاروں کا تین دن کا منافع 357 ارب روپے ہے۔
ادھرروپےکے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے، آج بھی کاروبار کے اختتام پر ڈالر 91 پیسے سستا ہوا ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 182.02روپے پر بند ہوا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر 1.50روپے سستا ہوکر 183.50روپے پر بند ہوا۔
واضح رہے کہ 7 اپریل سے انٹربینک میں ڈالرکی قیمت میں 6 روپے سے زائد کی کمی واقع ہوچکی ہے ۔انٹربینک میں 7 اپریل کو ڈالربلند ترین سطح 188.18 روپے پربندہوا تھا اور اسی روز ڈالر 189.30 روپےکی بلندترین سطح تک گیا تھا۔









