سندھ اسمبلی، پی ٹی آئی ارکان استعفوں کیلیے عمران خان کے اشارے کے منتظر

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ تمام اراکین استعفے دینے پر متفق ہیں۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس سندھ اسمبلی میں ہوا، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان اور دیگر اراکین موجود تھے۔

اجلاس میں آئندہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر تمام اراکین اسمبلی استعفیٰ دینے پر متفق۔

پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری اہم میٹنگ ہوئی ہے۔

ہم نے چیئرمین عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین کے استعفے ہمارے پاس جمع ہیں۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم تمام استعفے عمران خان کو جمع کرائیں گے، جب عمران خان کہیں گے ہم سیٹ چھوڑ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے نام پر جیت کر آئے ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ خود جیت کر آیا ہے۔

چیئرمین عمران خان صاحب نے ملک بھر میں جلسوں کا اعلان کیا ہے، کراچی میں 16 اپریل کو جلسہ ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دے دی گئی ہے، اس کی تیاری ہم نے شروع کر دی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ میں کراچی کی طرف سے بھی عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان کے دور میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام شروع ہوئے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اب اسمبلیاں اور حکومتیں غلامی کا سسٹم بن چکی ہیں۔

ایک امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی ہے، چند بھکاریوں کو ڈالر دے کر پاکستان پر مسلط کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند بکاؤ ایم این ایز کے علاوہ تمام اراکین نے استعفے دے دیئے ہیں، ہم کرائم منسٹر اور کیبنٹ سمیت اسمبلی کو تسلیم نہیں کرتے۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کرائم منسٹر کو عوام نے نہیں امریکہ نے سلیکٹ کیا ہے، یہ لوگ ڈالر کی پیداوار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کی رکنیت ہمارے لیے اہم نہیں، ہماری قوم آزاد ہے لیکن بھکاری غلام ہیں۔

پرسوں رات پوری عوام اور سب نے دیکھ لیا عمران خان ابھی باہر نہیں نکلے، کروڑوں لوگ خود سڑکوں پر پوری دنیا میں نکل آئے۔

متعلقہ تحاریر