پیپلزپارٹی نے آئندہ الیکشن میں ن لیگ سے پنجاب میں بڑا حصہ مانگ لیا
پیپلزپارٹی نے پنجاب کی گورنرشپ کے علاوہ وسطی اور جنوبی پنجاب کی کئی اہم نشستوں پر اپنے امیدواروں کے مقابلے لیگی امیدوار نہ کھڑا کرنے کی یقین دہانی مانگ لی

پاکستان پیپلزپارٹی نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن سے پنجاب میں بڑا حصہ مانگ لیا۔ پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے وسطی اور جنوبی پنجاب کی کئی اہم نشستوں پر اپنے امیدواروں کے مقابلے میں امیدوار نہ کھڑا کرنے کی یقین دہانی مانگ لی۔
مسلم لیگ ن نے موجودہ حکومت کی باقی ماندہ ڈیڑھ سالہ مدت کیلیے پیپلزپارٹی کو گورنر پنجاب کے عہدے کی پیشکش بھی کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کا بیانیہ نئی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کیلیے درد سربن گیا
اشتہار ی ملزم نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ کے اجراء کا فیصلہ
نیوز360 کے ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں میں معاملات طے پاجانے کی صورت میں موجودہ گورنر پنجاب کو تبدیل کرکے قمر زمان کائرہ یا مخدوم احمد محمود کو گورنر پنجاب بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے یقین دہانی مانگی ہے کہ وہ آئندہ الیکشن میں راجہ پرویز اشرف،ندیم اصغر کائرہ ، حنا ربانی کھر،میاں افتخار پگاں والا، حنا ربانی کھر اورمخدوم حسن محمود کے مقابلے میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی موجودہ سودے بازی کی وجہ ق لیگ ہے جس نے وزارت اعلیٰ کیلیے چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت کے بدلے پیپلزپارٹی کو آئندہ الیکشن میں سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔پیپلزپارٹی نے گیند ن لیگ کی کورٹ میں ڈال دی ہے اور فیصلے کے انتظار میں ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنے پر ہی پیپلزپارٹی موجودہ وفاقی حکومت کا حصہ بنے گی۔









