وزیراعظم شہبازشریف کی مسجداقصیٰ پر صہیونی حملے کی شدید مذمت
مسجد اقصیٰ پر صہیونی فورسز کا حملہ قابل مذمت ہے، اسرائیل کی جانب سے تشدد میں اضافہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے

وزیراعظم شہبازشریف نے مقبوضہ بیت المقدس میں قبلہ اول پر صہیونی فوج کی جانب سے وحشیانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے تشددمیں اضافہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے مسجد اقصیٰ پر صہیونی فوج اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے قبلہ اول میں موجود عبادتگزاروں پر وحشیانہ تشدد ، بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور دہشتگردانہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ ہم فلسطینیوں کےساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
صہیونی فوج کا قبلہ اول پر حملہ ، 150 فلسطینی زخمی ، 500 سے زائد گرفتار
صہیونی فوج کی دہشتگردی: 24 گھنٹوں میں دو خواتین سمیت پانچ فلسطینی شہید
Condemnable raid on Al-Aqsa Mosque & escalation of violence by Israel in gross violation of HR & humanitarian laws. We stand in solidarity with the Palestinians. Time for international community to protect innocent Palestinian lives, and uphold international law & UN Charter.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 16, 2022
انھوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر صہیونی فورسز کا حملہ قابل مذمت ہے، اسرائیل کی جانب سے تشدد میں اضافہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں، عالمی برادری یواین چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قابض صہیونی فورسز نے نماز فجر کے دوران قبلہ اول پر اچانک حملہ کیا اور اعتکاف اور عبادت میں مصروف مسلمانوں پر گولیاں چلائیں اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 150 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے 500 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کیا ۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج مسجدالاقصیٰ پر اسرائیلی حملے میں 152 فلسطینی زخمی ہوئے اسرائیلی افواج نے300 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ عبادت گزاروں پر قابل مذمت حملہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے حالیہ چند ہفتے میں اسرائیلی افواج نے درجنوں فلسطینیوں کا قتل عام کیا اسرائیلی افواج نےمشرقی یروشلم ودیگرعلاقوں میں فلسطینیوں کو زخمی کیا۔









