قیمتی اراضی کا قبضہ چھڑانے کے لیے معمر خاتون کی وزیراعظم سے مدد کی اپیل
کمالیہ کے نواحی علاقے 742 گ ب کی خاتون نے مقامی زمیندار کی جانب سے اپنی قیمتی اراضی کا قبضہ چھڑانے کےلیے وزیراعظم شہباز شریف سے مدد کی اپیل کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمالیہ کے نواحی علاقہ 742 گ ب میں بااثر زمیندار نے بے سہارا معمر خاتون کے ڈھور ڈنگر، موٹر سائیکل ، لاکھوں نقدی اور قیمتی زرعی اراضی ہتھیا لی ہے جس کا مقدمہ بھی درج ہے ، عدالتی و اعلیٰ حکام کے احکامات کے باوجود مقامی انتظامیہ بے سہارا خاتون کو اسکی زمین واپس دلوانے میں بے بس دکھائی دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
آئی جی پنجاب کی تبدیلی کیلیے صوبائی حکومت کا وفاق کو خط
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قیدیوں کی سزاؤں میں 60 دن کی کمی
غلام حمیداں بی بی نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو اپنے اوپر ہونے والے ظلم کی داستان سناتے ہونے بتایا کہ جاوید حسین نے بھلا پھسلا کر میری ملکیتی 5 ایکڑ 10 مرلے زرعی اراضی, 2 بھینسیں, 2 گائیں, موٹر سائیکل اور لاکھوں روپے مالیتی سی پی آر ہتھیا لیے ہیں۔




انہوں نے بتایا کہ میری درخواست پر مقدمہ درج ہوا ، لیکن مجھے انصاف نہیں ملا تو مقامی سول عدالت کے بعد ہائیکورِٹ اور وزیر اعظم پرفارمنس یونٹ سمیت ضلعی و ریجنل افسران کے قبضہ واگزار کروانے کے احکامات کے باوجود مقامی انتظامیہ مجھے میری ملکیتی زمین کا قبضہ اور دیگر اشیاء نہیں دلوا سکی۔
معمر خاتون حمیداں بی بی نے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ میری میڈیا کے توسط سے وزیر اعظم ، وزیر اعلی پنجاب اور ہوم سیکرٹری پنجاب سے اپیل کی ہے کہ میری فوری مدد کی جائے ، ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر کے مجھے میرا حق دلوایا جائے۔









