صدر مملکت کی معذرت، چیئرمین سینیٹ وفاقی کابینہ سے حلف لیں گے
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی وزیراعظم شہباز شریف کی حلف برداری پر رخصت پر تھے، وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے 14 وزرا کا امکان۔

صدر مملکت عارف علوی نے وفاقی کابینہ سے حلف لینے سے معذرت کرلی جس کے سبب وفاقی کابینہ کی آج (پیر کی شب) ہونے والی حلف برداری کی تقریب ملتوی کرنا پڑی۔
اب چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی وفاقی کابینہ سے حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کے بعد وفاقی کابینہ سے حلف لینے سے بھی معذرت کرلی۔
آج ہونے والے تقریب کے التوا کے سبب اب حلف برداری کی تقریب کل یا پرسوں متوقع ہے۔
تقریب ایوان صدر ہی میں منعقد ہوگی مگر صدر مملکت کے بجائے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نومنتخب کابینہ ارکان سے حلف لیں گے۔
نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے بھی صادق سنجرانی نے ہی حلف لیا تھا کیونکہ صدر مملکت، شہبازشریف کی حلف برداری سے قبل رخصت پر چلے گئے تھے۔
یوں قائم مقام صدر چیئرمین صادق سنجرانی کو یہ فریضہ سر انجام دینا پڑا۔
ایوان صدر سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ صدر عارف علوی کو ڈاکٹرز نے طبی بنیاد پر کچھ دن کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے انکشاف کیا تھا کہ نئی وفاقی کابینہ 36 ارکان پر مشتمل ہوگی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے 14، پیپلز پارٹی کے 11، جمیعت علماء اسلام (ف) کے 4 جبکہ دیگر اتحادی جماعتوں کے 7 ارکان شامل ہوں گے۔









