مفتاح اسماعیل کے وزیر خزانہ بنتے ہی ڈالر اوپر اسٹاک مارکیٹ نیچے
ڈالر کی قدر میں ڈھائی روپے اضافہ، 185 روپے 50 پیسے کا ہوگیا، اسٹاک ایکسچینج میں 200 پوائنٹس کی کمی، 46 ہزار 333 پوائنٹس پر بند۔
وفاقی کابینہ نے آج حلف اٹھا لیا ہے، مفتاح اسماعیل ملک کے نئے وزیر خزانہ بن گئے ہیں، ان کے وزیر خزانہ بنتے ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور اسٹاک مارکیٹ نیچے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 50 پیسے مہنگا ہو گیا۔
قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 185 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری طرف اسٹاک ایکسچینج میں 206 پوائنٹس کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 46 ہزار 333 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 99 پیسے اضافہ ہوا تھا جس کے بعد ایک ڈالر کی قیمت 182 روپے 54 پیسے ہوگئی تھی۔
گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے اضافے کے بعد 183 روپے پر فروخت ہوا تھا۔
اطلاعات ہیں کہ مفتاح اسماعیل نے وزیر خزانہ بنتے ہی آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کوشش شروع کر دی ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین مذاکرات کا آغاز آج سے ہوگا۔