ریلوے کو پٹڑی پر چڑھانا ہے کام وہیں سے شروع کرنا ہے جہاں رکا تھا، سعد رفیق
ریلوے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا ہے نہ آپ کو کوئی سفارش کی جائے گی نہ ہی آپ پر کوئی سیاسی دباؤ ڈالا جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے ترقی کا کام وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے 2018 میں رکا تھا۔
وزارتِ ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے ظفر زمان رانجھا نے وزیر ریلوے کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سی ای او ظفر زمان رانجھا نے وفاقی وزیر کو ریلوے کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی۔ وزیر ریلوے کو ہرنائی – سبی اسٹیشن کی بحالی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اب ہم نے ریلوے کو پٹڑی پر بھی چڑھانا ہے اور اس کی رفتار بھی بڑھانی ہے، – ادارے کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔
سی ای او ریلوے کو ہدایت دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال بہت گھمبیر ہے، لہذا جو پرزے ہماری ورکشاپوں میں بن سکتے ہیں، ان کو درآمد نہ کیا جائے۔ مسافروں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے،
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نہ آپ کو کوئی سفارش کی جائے گی نہ ہی آپ پر کوئی سیاسی دباؤ ڈالا جائے گا، تمام منصوبے دیانتداری سے پایہء تکمیل تک پہنچائے جائیں۔
وفاقی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے عید کے دنوں میں سفری کرایوں میں کمی کی جائے، ٹرینوں کی صفائی کے حوالے سے لوگوں کی بہت شکایات ہیں، اس ضمن میں کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے اور سروس کا معیار ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جائے۔









