20 لاکھ افراد اسلام آباد پہنچیں، عمران خان کی ہدایت

چیئرمین تحریک انصاف نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام گلی محلوں میں اسکرینیں لگائیں، میری کال پر 20 لاکھ افراد اسلام آباد پہنچیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کل شبِ دعا کا اعلان کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ کل ہم سب ملک کی حقیقی آزادی کے لیے شبِ دعا کریں گے۔

لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج آپ کے پاس آپ کی تیاری کروانے آیا ہوں، آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، کل گلی محلوں میں اسکرینیں لگائیں، عوام شبِ دعا میں شامل ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کے خلاف سازش کر کے امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا ہے، امریکا ہمیں چیری بلاسم کے ذریعے قابو کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میں کال دوں تو کم سے کم 20 لاکھ افراد اسلام آباد پہنچیں، میری خواہش ہے کہ آپ حقیقی آزادی کی تبلیغ کریں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 11 سالوں میں سب سے کم خسارہ پچھلے سال تھا، آزاد خارجہ پالیسی بنانے کی وجہ سے میرے خلاف سازش ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ ہمارے سفیر سے ملتا ہے، اور سفیر کو بتاتا ہے کہ کل عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے سازش تیار ہوتی ہے، پھر مداخلت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں این آر او دینے کی وجہ سے ملک میں لوٹ مار ہوئی اور ملک کا قرضہ 4 گنا بڑھ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پر 16 ارب روپے کا کیس ہے، چیف الیکشن کمشنر راجہ سلطان مسلم لیگ (ن) کا ایجنٹ ہے۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام فیصلے پی ٹی آئی کے خلاف کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تینوں بڑی جماعتوں کے کیس ایک ساتھ سنے جائیں، ان کا اشارہ فارن فنڈنگ کیس کی طرف تھا۔

آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے انہیں بھی سازش کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ عدلیہ ان کے خلاف ایکشن لے۔

متعلقہ تحاریر