میگھن مرکل اور ہیری کی شادی ختم ہوجائے گی، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ
میری پیشگوئیاں بالکل درست ہوتی ہیں، ٹرمپ نے ٹی وی پروگرام میں سابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کی طلاق کی پیشگوئی کرکے سب کو حیران کردیا۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل پر شدید تنقید کی، انہوں نے جوڑے کے سخت ناقد پیئرس مورگن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میگھن جلد ہی ہیری کو چھوڑ دیں گی۔
اخبار مرر آن لائن کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر مورگن کے نئے ٹی وی شو پیئرس مورگن ان سینسرڈ میں مہمان تھے۔
انہوں نے طویل گفتگو کے دوران اپنی پیشگوئی کی صلاحیتوں کی خوب تشہیر کی۔
یہ دھماکا خیز گفتگو مورگن کی اس بات سے شروع ہوئی کہ میرا خیال ہے کہ انہوں نے ملک چھوڑ دیا ہے، اپنی شاہی ذمہ داری چھوڑی دی ہے، یہ کیلیفورنیا میں پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں، یہ دونوں اپنے شاہی نام کو استعمال کرکے بہت بڑے مالی فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ کوئی بھی شاہی ذمہ داری ادا کیے بغیر آپ شاہی خاندان سے جڑے فوائد حاصل کرنا چاہیں تو یہ غلط بات ہے۔
ٹرمپ نے اس کے بعد کہا کہ میں جاننا چاہتا ہوں کہ اس وقت کیا ہوگا جب ہیری یہ فیصلہ کرے گا کہ بس اب مجھ پر بہت حکم چل گیا یا اس وقت کیا ہوگا جب میگھن سوچیں گی کہ انہیں کوئی دوسرا بہتر آدمی پسند ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں جاننا چاہتا ہوں کہ جب یہ شادی ختم ہوگی تو کیا ہوگا۔
اسی انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں بہت اچھی پیشگوئیاں کرتا ہوں، آپ کو معلوم ہوگا، میں ہر چیز پہلے ہی بتا دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ شادی ختم ہوجائے گی اور بہت برے طریقے سے ختم ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سوچتا ہوں کیا ہیری دوبارہ اپنے خوبصورت شہر لندن جائیں گے اور شاہی خاندان میں شمولیت کے لیے درخواست کریں گے؟









