چاند رات پر تحریک انصاف کی ریلی سُکڑ کر ٹولی رہ گئی
تحریک انصاف کا ریلی منصوبہ ناکام، کراچی میں شہری ٹولیوں کی شکل میں پرچم لے کر گھومتے رہے، کوئی ریلی کامیاب نہ ہوسکی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چند روز قبل کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ چاند رات کو پارٹی پرچم لے کر نکلیں اور جہاں بھی جائیں تحریک انصاف کا پرچم ساتھ رکھیں۔
پی ٹی آئی کی طرف سے ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
یہ پہلا موقع تھا کہ کسی قومی دھارے کی سیاسی جماعت نے عین چاند رات کو ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پی ٹی آئی نے ایسا کر کے بہت بڑی سیاسی غلطی کی۔
کراچی میں پی ٹی آئی کی ریلیاں تو نہ نکل سکیں البتہ ٹولیاں ضرور نکلیں۔
تین چار افراد نے پرچم اٹھا رکھے تھے تو چند فرلانگ دور کچھ مزید افراد پارٹی پرچم اٹھائے نظر آئے۔
کراچی میں جیسا کہ پہلے ہوتا آیا ہے، کوئی منظم ریلی نہیں نکالی جاسکی جسے تجزیہ کار پی ٹی آئی کی ناکامی قرار دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ ایک بڑا سیاسی blunder کیا ہے جس کا انہیں نقصان بھی ہوسکتا ہے۔
کچھ دن پہلے تک عمران خان اور تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا تھا لیکن چاند رات پر بھی قوم کو تقسیم کرنے کی بات کرنا اور عید ملنے کے بجائے سیاست میں لگا دینے کی وجہ سے عوام کی اکثریت بھی کچھ شش و پنج میں مبتلا ہوگئی کہ آیا عمران خان ہمیشہ کی طرح اب بھی درست ہیں یا نہیں۔
دوسری طرف اسلام آباد اور راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں ریلی زیرو پوائنٹ سے شروع ہو کر فیصل ایونیو سے ہوتے ہوئے سیکٹر ایف 10 پہنچی۔
تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی کی وجہ سے فیصل ایونیو اور دیگر شاہراہوں پر ٹریفک جام رہا۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کارکنان چاندنی چوک پہنچ گئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔









