شہروز کاشف نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرلی
20 سالہ شہروز کاشف نیپال کی کنچن جنگا چوٹی سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے، ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو بھی سر کرچکے ہیں۔

پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے مزید ایک اور چوٹی سر کر کے ریکارڈ بنا لیا، اس بار شہروز نے نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند چوٹی کنچن جنگا کو سر کیا ہے۔
نیپال کے پہاڑی سلسلے میں واقع یہ چوٹی 8 ہزار 568 میٹر بلند ہے، 20 سالہ شہروز کاشف تیسری بلند ترین چوٹی عبور کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین اور پاکستان کے پہلے کوہ پیما بن گئے ہیں۔
اس سے قبل شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
انہوں نے کے ٹو سر کر کے سب سے کم عمر کے ٹو پہاڑی سر کرنے والے کوہ پیما ہونے کا بھی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
اب نیپال کی کنچن جنگا سر کرنے کے بعد وہ تین بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔
ان کے والد نے بتایا کہ اب شہروز کا اگلا ہدف دنیا کی چوتھی اور پانچویں بلند ترین چوٹیاں سر کرنا ہے۔









