تجارتی خسارہ، آئی ایم ایف قرضے میں تاخیر ڈالر میں اضافے کی بڑی وجوہات
وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین ایکسچینج کمپنی ملک بوستان کی زوم میٹنگ، انٹربینک میں ڈالر کا ریٹ کم ہونے تک قیمت کم نہیں کرسکتے، ملک بوستان۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زوم پر چیئرمین ایکسچینج کمپنی اور صدر فاریکس ملک محمد بوستان سے بات کر کے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ملک بوستان نے وزیراعظم کو بتایا کہ ڈالر بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ تجارتی خسارہ اور آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کے قرضے میں تاخیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور بے تحاشہ قرضے بھی ڈالر بڑھنے کی وجہ ہیں، یہ قرضے ایک سال میں ادا کرنے ہیں۔
ملک بوستان نے کہا کہ جب تک انٹر بینک میں ڈالر کا ریٹ کم نہیں ہوگا اُس وقت تک فری مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ کم نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ کمرشل بینک انٹر بینک میں 1 روپیہ گرائیں گے، ہم فری مارکیٹ میں 2 روپے گرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فری مارکیٹ کو ہم کنٹرول کرسکتے ہیں۔ انٹر بینک مارکیٹ کا سارا کنٹرول کمرشل بینکوں کے پاس ہے۔
ملک بوستان نے وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا کہ جب آپ نے حلف لیا تو ڈالر کا ریٹ 189 سے کم ہوکر 181 روپے فی ڈالر ہوگیا۔
بعد ازاں سیاسی عدم استحکام اور 20 مئی کو اسلام آباد دھرنے کے اعلان کے بعد مارکیٹ عدم استحکام سے دوچار ہے۔
اس وقت ایکسچینج کمپنیاں ریٹ نہیں بڑھا رہیں، کمرشل بینک انٹر بینک میں قیمت بڑھا رہے ہیں۔
امپوٹر پہلے کی نسبت زیادہ امپورٹ LC اوپن کر رہا ہے جبکہ ایکسپورٹر پہلے کی نسبت اپنی ایکسپورٹ کے ڈالر سرینڈر کر رہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے جبکہ سپلائی کم ہو گئی ہے۔
ملک بوستان نے کہا کہ ملک کی ماہانہ امپورٹ تقریباََ 6.25 ارب ڈالر جبکہ ایکسپورٹ اور ورکر ریمیٹنس 6.10 ارب ڈالر ہے۔
اگر ہر ماہ حکومت ایک ارب ڈالر کے لگژری آئٹم کم منگواتی ہے تو سال میں ہمارے 12 ارب ڈالر بچ سکتے ہیں۔
اگلے سال 12 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنے ہیں جو قرضے لیئے بغیر بھی ادا ہوسکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کل دوبارہ زوم پر چیئرمین ایکسچینج کمپنیز کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
اس میٹنگ میں گورنر اسٹیٹ بینک اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی شرکت کریں گے۔
Plz kill me…according to Forex Association President our PM @CMShehbaz thought dollar is only increasing in open market and not at interbank @adeel_azhar @AribaShahid https://t.co/lrPzIbnAJX pic.twitter.com/40MutSJBb4
— Mubashir Zaidi (@Xadeejournalist) May 16, 2022
وزیراعظم شہباز شریف سے زوم میٹنگ کے بعد صدر فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا کہ وزیراعظم صاحب یہ سمجھ رہے تھے کہ انٹربینک کے بجائے ڈالر صرف اوپن مارکیٹ میں بڑھ رہا ہے۔
ملک بوستان نے کہا کہ میں نے وزیراعظم صاحب کو بتایا کہ ڈالر انٹر بینک میں بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں بھی اس کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
صحافی مبشر زیدی نے ٹویٹ کرتے ہوئے ملک بوستان کی ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ کوئی مجھے مار دے، میرا وزیراعظم ایسا ہے جس کو یہ بنیادی بات ہی نہیں معلوم۔









