راستوں کی بندش کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست سماعت کےلیے مقرر
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل درخواست کی سماعت کرے گا۔ درخواست ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے لئے راستوں کی بندش اور چھاپوں کے خلاف درخواست سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرا دی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست پر سماعت مقرر کردی گئی ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل درخواست کی سماعت کرے گا۔ جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظہر علی اکبر نقوی بینچ کے ممبر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان کی اسمبلی رکنیت ختم، نوٹی فیکیشن جاری
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا طالبہ کے اغوا کا مثالی ازخود نوٹس
یہ درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شعیب شاہین کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وکلاء کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، حکومت کی جانب سے جو چھاپے مارے جارہے ہیں وہ غیرقانونی ہیں۔
ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ راستوں کی بندش سے آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ ابھی مارچ اسلام آباد نہیں پہنچا ہے اور ریڈزون اور ملحقہ علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے ، اور اسلام آباد کو بند کردیا گیا ہے۔
ایڈووکیٹ شعیب شاہین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت ، چیف سیکریٹری اور چاروں صوبائی سیکریٹریز کو فریق بنایا گیا ہے۔