سیاسی کارکنوں کو نا روکیں، نا گرفتار کریں، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن

بار ایسوسی ایشن نے اعلامیہ جاری کردیا، کہا کہ حکومت کسی بھی سیاسی جماعت کی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ ڈالے، چھاپے مارنے کا کوئی جواز نہیں۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج اور سیاسی سرگرمیاں ہر شہری کا حق ہے۔

یہ اعلامیہ ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریوں اور ان کے گھروں پر چھاپوں کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اعلامیے میں کہا کہ حکومت کسی بھی سیاسی جماعت کی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ ڈالے۔

اعلامیے کے مطابق حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔

بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ بابر اعوان، فواد چوہدری کو پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی سے روکا جا رہا ہے۔

سیاسی کارکنوں اور شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارنے کا کوئی جواز نہیں۔

اعلامیے میں حکومت کو تنبیہ کی گئی کے حکومت آئین اور قانون کے خلاف کوئی بھی قدم اٹھانے سے باز رہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سے ملک بھر میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوچکا ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ اب تک 400 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں نے کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

درخواستوں میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر