پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف یکمشت محاذ کھول دیا
پی ٹی آئی نے اسرائیلی صدر کے بیان پر شہباز شریف حکومت سے طلب کیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے ملک ریاض اور آصف زرداری کی مبینہ فون کال کو قطعی طور پر مسترد کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے نیب قوانین میں ترامیم اور انتخابی اصلاحات کی آڑ میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے اقدام کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے اسرائیلی صدر کے بیان پر حکومت سے جواب طلب کیا ہے جبکہ شاہ محمود قریشی نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے کہ عمران خان نے ملک ریاض سے کوئی رابطہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نیب قوانین میں ترامیم کو چیلنج کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مسلم لیگ ن کے حالیہ تین جلسے ، عوامی پذیرائی نہ ملنے کی وجوہات کیا ہیں؟
اسٹیبلشمنٹ اور اسلحے کی برآمدگی سے متعلق بیان: کیا مریم نواز عوام کو گمراہ کررہی ہیں؟
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا نئے قوانین میں بے نامی کی نئی تعریف بیان کی گئی ہے۔ بے نامی کی تشریح بدلنے سے کیسز متاثر ہوں گے۔ نیب قوانین میں ترمیم کا مقصد پی پی پی اور ن لیگ کی قیادت کو بچانا ہے ، نیب کے سیکشن 14 فائدہ میاں نواز شریف کو ہو گا۔ نیب قوانین میں ایسی ترامیم کی گئی کہ نیب چیئرمین کسی کو گرفتار نہیں کرسکے گا۔ نیب قوانین میں وہی ترامیم کی گئی ہے جو ہم سے این آر او میں مانگی جاتی تھیں، اسفندیار ولی کیس کو سامنے رکھتے ہوئے سپریم کورٹ نیب قوانین میں ترامیم کا ازخود نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل لوگوں کی منزل ایک نہیں ہے۔ لوگ عمران خان کو نیچا دکھانے کےلئے اکٹھے ہو گئے ہیں، یہ عارضی اور غیرفطری اتحاد ہے جو کسی بھی وقت ختم ہوسکتا ہے۔ حکمرانوں نے نیب قوانین میں ترامیم کرکے خود کو این آر او دیا ہے۔ نیب کی بطور آزاد ادارے کی حیثیت کو کمپرومائز کیا گیا ہے۔ نیب کو اینٹی کرپشن پنجاب اور ایف آئی اے جیسا ادارے بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں ترمیم کے بعد 80 فیصد کیسز دیگر عدالتوں کو منتقل ہوجائیں گے۔ ان ترامیم سے حکومت میں شامل 11 جماعتی اتحاد مستفید ہوگا۔ ان جماعتوں نے وہی ترامیم کی ہیں جو انہوں نے ہمارے دور میں پیش کی تھیں۔ عمران خان سے این آر او نہیں ملا تو انہوں نے خود کو این آر او دے دیا ہے۔ نیب قوانین میں ترامیم اقوام متحدہ اور فیفٹ قوانین سے مطابقت نہیں رکھتی ہیں۔
دوسری جانب سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی سازش کے تحت امریکا نے عمران خان کی حکومت کو تبدیل کیا۔
اسرائیل صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب کا کہنا ہے ہم کسی بھی طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ اسرائیلی صدر نے اپنے بیان میں پاکستانی وفد کے سے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیل کے حوالے سے عمران خان نے ہمیشہ قائداعظم والا موقف اختیار کیا۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا انٹی کرپشن ریفارمز وہ لارہے ہیں جو خود کرپشن میں ملوث ہیں ۔ موجودہ حکومت میں چوروں کا لوٹ سیل میلہ لگ گیا ۔ قوانین میں ترامیم کرکے اپنے لئے راہ ہموار کی ہے۔
اس سے قبل سابق وفاقی اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” تحریک انصاف کی بھی غلطیاں ہیں کہ صورتحال کو اس نہج پر پہنچی لیکن کیا پاکستان کو اگلے چالیس سال زرداری اور شریف چلائیں گے اور کیا ان سالوں کی طرح اگلی چار دہائیاں بھی ضائع کر دی جائیں؟ کیا آپ یہ وراثت چھوڑ کر جانا چاہیں گے؟ لوگوں کے غصے کو کم نہ سمجھیں لوگ توقع سے زیادہ ناراض ہیں۔”
تحریک انصاف کی بھی غلطیاں ہیں کہ صورتحال کو اس نہج پر پہنچی لیکن کیا پاکستان کو اگلے چالیس سال زرداری اور شریف چلائیں گے اور کیا ان سالوں کی طرح اگلی چار دھایاں بھی ضائع کر دی جائیں؟ کیا آپ یہ وراثت چھوڑ کر جانا چاہیں گے؟ لوگوں کے غصے کو کم نہ سمجھیں لوگ توقع سے زیادہ ناراض ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 29, 2022
اس طرح سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” پاکستان کی تاریخ طاقت کے استعمال اور دھمکیوں کے ذریعے عوامی تحریکوں کو دبانے کی کوششوں کے تباہ کن نتائج کو ظاہر کرتی ہے۔ وہ کم ظرف لوگ جو سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستانی تاریخ کی سب سے مقبول عوامی تحریک کو کچل سکتے ہیں، انہیں تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔”
History of Pakistan shows devastating consequences of attempts to suppress popular movements, thru use of force & intimidation. Those short sighted men thinking they can crush the most popular mass mobilization in Pak history, will never be forgiven by history #SaluteToMarchers
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 29, 2022









