صدر مملکت کے دو بڑے فیصلے، گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کے ممبران تعینات

صدر مملکت کے فیصلے سے عمر سرفراز چیمہ گورنر پنجاب نہیں رہے جبکہ بلیغ الرحمان نئے گورنر پنجاب تعینات ہو گئے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک دن میں دو اہم فیصلے کرتے ہوئے گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔صدر نے محمد بلیغ الرحمٰن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری وزیراعظم کی ایڈوائس پردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 7 مئی کو صدر مملکت کو ایڈوائس بھجوائی تھی جس میں پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رہنما بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لیے تجویز کیا گیا تھا ، مگر صدر مملکت نے وزیراعظم کی سمری کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں اس لئے نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں اور ائین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر کام کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے

حمزہ شہباز کا انتخاب، کیا 63 اے کی تشریح پر پورا اترتا ہے؟

پاکستانی نژاد امریکیوں کی اسرائیلی صدر سے ملاقات معمولی بات نہیں!

سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی بازگشت کے بعد چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، ان کی جگہ عمر سرفراز چیمہ کو 7 اپریل کو صوبے کے گورنر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔تاہم تاہم آج صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائس قبول کرتے ہوئے  بلیغ الرحمن کو گورنر پنجاب تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آج ایک اور اہم فیصلہ کیا جس کے تحت انہوں نے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقریبا 10 ماہ سے خالی نشستوں پر تعیناتی کردی۔

ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ممبر الیکشن کمیشن کے طور پر  پنجاب سے بابر حسن بھروانہ اور خیبر پختونخوا سے جسٹس (ر) اکرام اللہ خان کو  تعینات کردیا گیا۔

یہ تعیناتیاں آئین کے آرٹیکل 218 (2) بی کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس پر کی گئیں۔

الیکشن کمیشن کے ممبر پنجاب الطاف ابراھیم قریشی اور ممبر پنجاب ارشاد قریشی 25 جولائی 2021 کو ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔جس کے بعد سے یہ دونوں اہم عہدے تقرری کئے جانے کے منتظر تھے۔

پارلیمانی کمیٹی نے 25 مئی کوجسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان کی ممبر الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا اور بابر حسن بھروانا کی ممبر پنجاب تعیناتی کی سفارش کی تھی۔

پارلیمانی کمیٹی برائے تقرر ممبران الیکشن کمیشن کے چیئرمین کمیٹی ایاز صادق کی زیرصدارت اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے چھ 6 نمائندے شریک ہوئے تھے،جس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب سے الیکشن کمیشن کے دوممبران کے ناموں پر غور کیا گیا تھا اور کمیٹی نے بابر حسن بھروانا کو پنجاب  جبکہ جسٹس ریٹائر اکرام اللہ خان خیبرپختونخوا سے ممبر مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔

متعلقہ تحاریر