ایک ماہ بعد پنجاب کو گورنر اور کابینہ نصیب ہو گئی
پیر کی رات گئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور پنجاب کی آٹھ رکنی کابینہ نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے حلف اٹھانے کے ٹھیک ایک ماہ بعد گورنر پنجاب اور پنجاب کابینہ نے اپنے اپنے عہدوں کو حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں حمزہ شہباز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
نئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پنجاب کی آٹھ رکنی صوبائی کابینہ سے پیر کی رات گئے گورنر ہاؤس لاہور میں ایک تقریب کے دوران حلف لیا۔
یہ بھی پڑھیے
"دی نیوٹرل” کے سرورق پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصویر کے ساتھ بےہودہ کلمات شائع
آئندہ مالی سال کے لیے 13 کھرب روپے کا بجٹ تجویز
تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت پنجاب حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تقرریوں کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔
پنجاب کی نئی کابینہ کے پہلے مرحلے میں حلف اٹھانے والوں میں رانا محمد اقبال، عطا تارڑ، علی حیدر گیلانی، اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق، ملک احمد خان، حسن مرتضیٰ اور بلال اصغر شامل ہیں۔
اس سے قبل نئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے بلیغ الرحمان سے ان کے عہدے کا حلف لیا تھا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی تھی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی تھی ۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمان پنجاب کے 39 ویں گورنر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی نے بلیغ الرحمان کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 7 مئی کو صدر مملکت کو ایڈوائس بھجوائی تھی جس میں پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رہنما بلیغ الرحمان کا نام گورنر پنجاب کے لیے تجویز کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی سمری کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں اس لئے نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے اور آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت گورنر صدر کی حکم ثانی تک عہدے پر کام کرتا رہے گا۔
یہ بھی یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی بازگشت کے بعد چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، ان کی جگہ عمر سرفراز چیمہ کو 7 اپریل کو صوبے کے گورنر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں، تاہم تاہم پیر کے روز صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس قبول کرتے ہوئے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔