اسٹیٹ بینک کا معاشی تجزیوں کیلئے پوڈ کاسٹ کا اعلان
مرکزی بینک کے پوڈ کاسٹ پر صنعت و تجارت سے متعلق تازہ ترین پیش رفت اور اس حوالے سے کئے گئے اقدامات بتائیں جائیں گے

اسٹیٹ بینک پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوڈ کاسٹ کا با ضابطہ اعلان کیا ہے تاہم مرکزی بینک نے اس حوالے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں ہیں۔ ایس بی پی کے مطابق پوڈکاسٹ تیزی سے مقبول ہورہا ہے کیونکہ یہ لوگوں کو نتیجہ خیز چیز سنتے ہوئے ملٹی ٹاسک کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
سوشل میڈیا ایپ ٹوئٹر پرمرکزی بینک کے پوڈ کاسٹ پر عوام کو اسٹیٹ بینک پاکستان اور صنعت و تجارت سے متعلق تازہ ترین پیش رفت اور اس حوالے سے کئے گئے اقدامات بتائیں جائیں گے۔ پوڈ کاسٹ پر معاشی ماہرین کے تجزیوں سے بھی استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔
پوڈ کاسٹ ایک سوشل میڈیا کا ایک اہم جز بنتا جارہا ہے ۔ خاص طور پر پاکستان کے بارے میں بات کرنے والے بہت سے سوشل میڈیا اسٹارز جو اپنے فیس بک پیج یا یوٹیوب چینل کے لیے ایک خاص قسم کا مواد تیار کرتے تھے اب پوڈ کاسٹ کی طرف بڑھ گئے ہیں۔ پاکستان میں پوڈ کاسٹ کے سرخیل جنید اکرم ہیں، جنہیں گنجی سواگ بھی کہا جاتا ہے۔ وہ عوام کے لیے معلوماتی ویڈیوز بناتے ہیں اور پاکستان اور دیگر ممالک کے بارے میں بہت ہی دلچسپ حقائق اور اعداد و شمار سامنے لاتے ہیں۔
ایس بی پی پوڈ کاسٹ کا پاکستان کے تمام پوڈ کاسٹروں کے ساتھ براہ راست مقابلہ ہوگا جنہوں نے پہلے ہی ملک کے سرکردہ ماہرین اقتصادیات اور تجزیہ کاروں کو پاکستان میں کاروباری صنعت اور معاشی صورتحال کے بارے میں اپنی بصیرت کا اشتراک کرنے کے لیے پیش کیا ہے۔ نوجوان نسل جو سیکھنے کے شوقین ہیں ان کے لیے پوڈکاسٹ ہمیشہ ایک اچھا آپشن ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ پوڈ کاسٹ دو الفاظ کا امتزاج ہے۔ آئی پوڈ اور براڈکاسٹ، جسے اب پوڈ کاسٹ کہا جاتا ہے۔ اس زمانے میں جب اسمارٹ فونز نہیں تھے آئی فون استعمال کرنے والوں کو آئی ٹیونز پر سبسکرائب کرنا پڑتا تھا اور پھر اپنے فون کو کیبل کے ذریعے کمپیوٹر سے جوڑنا، آڈیو فائل ڈاؤن لوڈ کرنا، آئی پوڈ یا فون کو منقطع کرنا اور پھر سننا وہ وقت تھا جب پوڈ کاسٹ کی اصطلاح ایجاد ہوئی تھی۔ 2003 تک لوگ اپنے آئی پوڈ پر آڈیو بلاگز ڈاؤن لوڈ کرنے کے قابل ہو گئے جب صحافی بین ہیمرسلی نے پوڈ کاسٹنگ کی اصطلاح بنائی۔









