انٹرنیشنل ٹورازم انڈیکس میں پاکستان کی 6درجہ بہتری
انڈیکس کے تازہ شمارے میں پاکستان 117 ممالک میں 83 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، گزشتہ شمارے میں پاکستان کو 89ویں نمبر پر رکھا گیا تھا، امریکا کا پہلا، اسپین دوسرا اور فرانس کا تیسرا نمبر

پاکستان نے انٹرنیشنل ٹریول اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ انڈیکس میں بڑی چھلانگ لگاکر6 درجہ بہتری حاصل کرلی۔
ورلڈ اکنامک فورم نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ انٹرنیشنل ٹریول اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ انڈیکس کے 2021 ایڈیشن ”ایک پائیدار اور لچکدار مستقبل کے لیے تعمیر نو “ میں پاکستان کو 117 ممالک میں 83 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ 2019 میں جاری ہونے والے پچھلے شمارے میں پاکستان کو 89 ویں نمبر پر رکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
ملائیشین بائیکرز کی ریلی سیاحتی مقام چترال بونی پہنچ گئی
ماہرہ خان پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلیے کوشاں
پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) کے مینیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمٰن رانا نے کہا کہ ملک کی بہتر صورتحال ایک اہم پیش رفت ہے،انہوں نے کہا کہ انڈیکس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے سیاحت کے بنیادی ڈھانچے، کاروباری ماحول، حفاظت اور تحفظ کے عنصر کے ساتھ ساتھ صحت اور حفظان صحت کو بہتر بنانے کے لیے زبردست کوششیں کی ہیں۔
آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ اگرچہ ہم نے اچھی پیش رفت کی ہے، لیکن سیاحت کے شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ابھی بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
ٹورازم انڈیکس میں جاپان کا پہلا نمبر ہے اوراس کے بعد امریکا، اسپین، فرانس، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا، سنگاپور اور اٹلی آتے ہیں۔ روزنامہ ڈان سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی برائے سیاحت اعظم جمیل نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ طلب کی بجائے سیکٹر کے سپلائی سائیڈ کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہو ں نے کہا کہ غیر ملکیوں کو متوجہ کرنے کیلیے ہمیں سب سے پہلے اپنے بنیادی ڈھانچے اور حفاظتی ریکارڈ کو بہتر بنانے اور حفظان صحت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ سابق وزیر اعظم سے یہی کہا کہ ہمیں نمبروں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے پہلے اپنے گھر کوٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک بار ہم اپنی پروڈکٹ کو سدھارنے میں کامیاب ہوگئے تو نمبر خود بخود بہتر ہو جائیں گے ۔
اعظم جمیل نے کہا کہ ملک کو سیاح دوست بنانے میں صوبائی حکومتوں کا بڑا کردار ہے، ماحولیاتی سماجی اور ثقافتی استحکام کو یقینی بنانا صوبائی حکومتوں کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ اس عمل میں مقامی کمیونٹیز کو شامل کرنا ناگزیر ہے کیونکہ وہ تمام ترقی سے براہ راست مستفید ہوتے ہیں ۔









