غریبوں کی سواری موٹر سائیکل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ
اٹلس ہونڈا نے یکم جون سے مختلف ماڈلز کی قیمت میں 11 ہزار سے 35 ہزار تک اضافہ کیا

موٹرسائیکلز بنانے والی کمپنیزنے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد غریبوں کی سواری موٹرسائیکل کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ کردیا ہے ۔
اٹلس ہونڈا کی جانب سے یکم جون سے مختلف ماڈلز میں قیمت میں 11 ہزار سے 35 ہزار تک اضافہ کیا گیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد ہنڈا سی ڈی 70 کی قیمت 94 ہزار 900 سے بڑھ کر ایک لاکھ 6 ہزار 500 روہے ہو گئی ہے جبکہ سی ڈی ڈریم کی قیمت ایک لاکھ 13 ہزار 500 ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حکومت نے بم نہیں ایٹم بم گرادیا، ایک ہفتے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 60 روپے اضافہ
ہنڈا 100 کی قیمت میں ساڑھے 14 ہزار جبکہ سی ڈی 125 کی قیمت ایک لاکھ 68 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ سی جی 125 ایس ای کی قیمت ایک لاکھ 93 ہزار 500 روپے سے ایک لاکھ 98 ہزار 500 روپے پر پہنچ چکی ہے جبکہ سی بی 125 ایف کی نئی قیمت 2 لاکھ 53 ہزار 900 ہو گئی ہے۔
اٹلس ہونڈا کی جانب سے یکم جون سے مختلف ماڈلز میں قیمت میں تقریباً 9 ہزار روپے اضافہ کیا جارہا ہے۔ کمپنی نے 2021 سے اب تک متعدد بار قیمتیں بڑھائی ہیں اور اضافے کو روپے کی قدر میں کمی سے منسوب کیا ہے۔
پاکستان اسٹار آٹو موبائل لمیٹڈ کی جانب سے 5 جون سے 100 سے 150 سی سی تک موٹر سائیکلوں کی قیمت میں 7 ہزار روپے اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ 200 سی سی رکشہ لوڈر کی قیمت میں 10 ہزار روپے جبکہ آٹو رکشہ کی قیمت میں 7 ہزار روپے اضافہ کیا جارہا ہے۔
ڈی ایس موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی 5 جون 2022 سے 125 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت میں 10 ہزار روپے اضافہ کر رہی ہے۔اسمبلرز یونائیٹڈ آٹو موٹر سائیکل نے 7 جون سے 70 سی سی سے 125 سی سی بائیکس کی قیمتوں میں 3 ہزار اضافے کا اعلان کیا ہے جبکہ پرنس موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ 70 سی سی سے 125 سی سی تک کی قیمت میں 3 ہزار اضافہ متوقع ہے۔









