نیوٹرل کا کام ملک کا دفاع ہے حکومتیں گرانا اور بنانا نہیں، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے امریکا ، بھارت اور اسرائیل نے مل کر ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی جو کسی صورت قبول نہیں۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نیوٹرل کو کہتا ہوں آپ کا کام ملک کا دفاع کرنا ہے حکومتیں بنانا یا گرانا نہیں ، کیا نیوٹرل کا یہ کام نہیں تھا کہ مداخلت کو روکتے؟ جب تک دم ہے ان کا مقابلہ کریں گے۔

اپردیر میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف بہت گھبرائے ہوئے ہیں ، ان کے چہرے پر خوف ہے ، اگر آپ سے حکومت نہیں ہورہی تو پھر سازش کیوں کی تھی ، ادھر ادھر نہ بھاگیں ، ترکی نہ جائیں معیشت کو سنبھالیں ، شہباز شریف کہتے ہیں کہ سب کچھ عمران خان کی وجہ سے ہوا تو پھر عمران خان کو رہنے دیتے ، اگر عمران خان نے کباڑا کردیا تھا تو پھر تو عمران خان کباڑا ہورہا تھا تو ہونے دیتے ، اگر میری حکومت خراب تھی تو ان کی حکومت کون سے ٹھیک کام کررہی ہے ، اگر ایسا ہی  تو پھر میری حکومت ہی چلنے دیتے۔

یہ بھی پڑھیے

عوام دشمن حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، جی ڈی اے

عالمی ادارے پرامن مظاہرین پر پولیس تشدد کا نوٹس لیں ، شاہ محمود قریشی

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا جب قومی سلامتی کمیٹی میں سازش کا پتا چل گیا تھا تو کیا ملک کا دفاع کرنے والوں کو نیوٹرل رہنا چاہیے تھا؟ امپورٹڈ حکومت جب سے آئی ہے پاکستان تیزی سے نیچے جارہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا پاکستان کا فیصلہ امریکا اور ہندوستان نہ کرے ، سارے مسائل کا واحد حل الیکشن ہے ، ہمارا پاکستان آج ایک آواز لگارہا ہے امپورٹڈ حکومت نامنظور ، آصف زرداری اور نواز شریف کے چوری کے پیسے ملک سے باہر پڑے ہیں ، شہباز شریف کو یہ لوگ اس لیے لے کر آئے ہیں تاکہ یہ جو کہیں گے وہ مانے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ جس میں ذرا سی انسانیت ہوگی وہ اس قدر مہنگائی نہیں کرے گا۔ پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالہ دور میں فی کس آمدنی 26 ہزار روپے سے زیادہ ہو گئی ۔ جب ہم حکومت سنبھالی تو فی کس آمدنی 16 ہزار روپے تھی ۔ میرا جینا مرنا پاکستان کے لیے ہے اس لیے میں کسی کے آگے نہیں جھکتا ہوں ۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا امریکا ، بھارت اور اسرائیل نے مل کر سازش تیار کی ۔ تینوں نے ملکر ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی ۔ آئی ایم ایف سے پہلا حکم آیا کہ مہنگائی کی جائے ۔ شہباز شریف نے پہلا حکم آئی ایم ایف سے لیا جس کے پیچھے امریکا کھڑا ہے ۔ انہوں نے پیٹرول اور فضل الرحمان کی قیمت 60 روپے فی لیٹر بڑھا دی ۔ ڈیزل بھیس بدل کر عمرہ کرنے گیا تاکہ وہاں پر بھی آوازیں نہ لگ جائیں۔ ہم نے لوگوں کو مہنگائی سے بچانے کے لیے اور جگہ سے پیسے بچائے۔ ہم صحت کارڈ لائے اور سود کے بغیر قرضے دیئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک اور تحفہ دیا کہ گیس کی قیمت میں 45 فیصد اضافہ کردیا ، ہم ملک کی دولت میں اضافہ کرنے کی کوشش کررہے تھے ،

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا ہم نے پی ٹی آئی کا منشور تحریک پاکستان اور قرار داد پاکستان سے لیا تھا۔ پاکستان جس نظریے پر بنایا گیا تھا اسی نظریے پر واپس لے کر جانا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو مہنگائی کا طوفان آتا ہے، آئی ایم ایف کے حکم کے مطابق انہوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، آئی ایم ایف نے ہم پر بھی دباؤ ڈالا تھا مگر ہم نے قیمتیں بڑھانے کی بجائے 10 روپے کم کردی تھیں۔ ہم نے زیادہ پیسہ اکٹھا کرکے لوگوں  کو پیٹرول اور ڈیل پر سبسڈی دی ۔

متعلقہ تحاریر