موجودہ حکمران ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے دنیا کے کس ملک میں ایسا ہوتا ہے کہ جن پر کرپشن کے الزامات ہوں انہیں ملک کا سربراہ بنا دیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے مجھے پاکستان کے وکلاء کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، آپ نے میرے ساتھ نہیں قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑا ہونا ہے ، چوروں کی حکومت جب سے آئی ہے مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، آئی ایم ایف نے ہمیں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کہا تھا ، موجودہ حکومت قومی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ پر وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا پاکستان کے لیے اس وقت فیصلہ کن وقت ہے ، سپریم کورٹ میں مراسلہ پڑا ہے باہر سے سازش کرکے حکومت گرائی گئی ، قانون کی حکمرانی وکلاء اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے، امریکی دھمکی آمیز مراسلہ سب کے سامنے رکھا۔
یہ بھی پڑھیے
کیا تحریک انصاف 15 جون کے بعد لانگ مارچ کرے گی؟
پرویز الہٰی اور شیخ رشید ، عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے
انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت چوروں کی حکومت ہم پر مسلط کی گئی اس کے خلاف احتجاج کیا ، مسلم لیگ ن کی حکومت آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے، شہباز شریف اور اس کے بیٹے کو سزا ہونا تھی ، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ملزم قاضی بن جائے یہ دنیا کے کس قانون میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے ڈاکوؤں کو ملک پر مسلط کردیا گیا ، کابینہ کے 60 فیصد ارکان ضمانتوں پر ہیں، یہ حکمران جیسے ہی عوام میں جائیں گے چور اور غدار کے نعرے لگیں گے، چیری بلاسم بوٹ پالش کرکے اوپر تک پہنچ گیا ، ملک کی قیادت وہ لوگ کررہے ہیں جن پر کرپشن کے الزامات ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا بھارت میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی حکومت کو چاہیے کہ اس مسئلے پر سخت موقف اختیار کرے ، حکومت کو کہتا ہوں بھارت سے دوستی اور بزنس ختم کیا جائے ، حکومت کو چاہیے کہ بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے ، موجودہ حکمران بی جے پی سے دوستیاں ایک جانب رکھے اور سخت موقف اختیار کرے ،
پنجاب کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا پنجاب میں مخصوص نشستوں کو فوری طور پر بھر دیا جاتا تو حمزہ شہباز وزیراعلیٰ نہیں رہتا ، میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت کردی ہے، ضمنی انتخابات میں یہ لوگ الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر انتخابات جیتنے کی پلاننگ کررہے ہیں ، الیکشن کمیشن حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ برقرار رکھنے کی کوشش کررہا ہے ، الیکشن کمیشن کے باوجود ہم انہیں شکست دیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا انہیں پتا ہے کہ ایسے تو یہ لوگ الیکشن جیت نہیں سکتے اس لیئے الیکشن کمیشن کو اپنے ساتھ ملا رہے ہیں۔ ن لیگ نے دھاندلی سے پنجاب میں الیکشن جیتنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ ن لیگ نے پنجاب کی حلقہ بندیوں میں دھاندلی کا منصوبہ بنا لیا ہے۔









