حکومت نے پی ٹی وی فلم ڈویژن اور پاک فلکس پراجیکٹ کا افتتاح کردیا
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے پاک فلکس پراجیکٹ بنانے کا مقصد پی ٹی وی اور فلم کے تمام آر کائیو آن لائن فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلم ڈویژن اور پاک فلکس پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ فلم ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کیا جارہا ہے جبکہ پاک فلکس پروجیکٹ کے تحت پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کا تمام آرکائیو موجود ہوگا۔ ملک سے باہر بیٹھے ہوئے افراد بھی اس مواد تک آن لائن رسائی حاصل کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی فلم ڈویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2017 ء میں پی ٹی وی فلم ڈویژن پر کام شروع کیا گیا تھا ، 2018 ء میں پاکستان کی پہلی فلم پالیسی متعارف کروائی گئی اور اسی برس پہلی مرتبہ فلم ، کلچر سیکٹر اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس میں شامل کرکے ایک جامع مسودہ اور فلم انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
رواں ماہ کے 20 دن معاشی سرگرمیوں کے دن رہیں گے
وزیر اعظم کا عربی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنتے ہی معطل پھر بحال ہوگیا
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں تمام اسٹیک ہولڈرزا کٹھے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن سکرین معاشرے کے لئے قومی بیانیہ تشکیل دیتی ہے،یہی پی ٹی وی کا مینڈیٹ ہے۔سرکاری ٹی وی نے اس دوڑ میں شامل نہیں ہوناجو اس کی ہے نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت ٹیکنالوجی میں بہت جدت آچکی ہے ، سینما گرافی بھی بہتر ہے لیکن مواد کا فقدان ہے جبکہ دوسری جانب نجی چینلز ، فلم اور ڈاکو منٹریز میں بچوں کے لئے مواد کے فقدان کی وجہ سے ہمارے بچے غیر ملکی مواد دیکھنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی وی میں بچوں کے لئے تعلیمی اور تفریحی مواد سے متعلق اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی آگاہی کے لئے خبروں کی اصل جزئیات پہنچانا ضروری ہیں جبکہ عوام کی تفریح کے حوالے سے ڈیمانڈ کو پورا کرنے کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی فلم منصوبے کا مقصد نوجوانوں کی مشغولیت کو بڑھانا ہے جبکہ پاک فلکس پروجیکٹ کے تحت پی ٹی وی اور فلم کے تمام آر کائیو آن لائن دستیاب ہوں گے ، یوں پاکستان سے باہر بیٹھے ہوئے لوگ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تقریبات کے حوالے سے یہ پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کاعلان کیا کہ وزارت اطلاعات میں فلم ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کیا جارہا ہے ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فلم سیاحت کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے ، پی ٹی وی فلم ڈویژن کا اولین مقصد یہی ہے کہ وہ سیاحت کو فروغ دے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس حوالے سے فلم اور سیاحت پر کانفرنس بھی بلا رہےہیں۔