سکھر میں ترقی کام سست روی کا شکار، عوام اذیت میں مبتلا

سکھر میں جاری ترقیاتی، نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے کئی ماہ بعد بھی مکمل نہیں ہو سکے

سکھرکی شہری انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے شہرمیں جاری ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہوگئے۔ قریشی گوٹھ  سے نمائش روڈ تعمیر تاحال مکمل نہ ہوسکی  جس کے باعث شہریوں کو آمد رفت میں  شدید مشکلات کا سامنا  کرنا پڑرہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سکھر انتظامیہ کے ڈپارٹمنٹ بلدیہ اعلیٰ سکھر اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی مجرمانہ غفلت اور مسلسل لاپروائی اور  منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث سکھر شہر میں جاری ترقیاتی، نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے کئی ماہ بعد بھی مکمل نہیں ہوسکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سکھر کا قدیمی پیر مراد شاہ قبرستان گندے نالے کا مناظر پیش کرنے لگا

شہر کے مختلف علاقوں پرانا سکھر ،نمائش  چورنگی ،قریشی گوٹھ ،نیو پنڈ ،گڈانی پھاٹک روڈ سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی و فراہمی کے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار نظر آتے ہیں۔

سکھر کے علاقے قریشی گوٹھ  سے نمائش تک خطیر رقم سے نکاسی آب کی ڈالی جانیوالی لائن، سڑک کی مرمت، نکاسی آب کیلئے سی سی ٹائپ نالیوں کا کام ٹھیکیدار اور سرکاری افسران کی نااہلی اور سست روی اختیار کرنے کی وجہ سے ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا۔

ترقیاتی کاموں میں سست روی کے باعث علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گزرنے والے علاقہ مکینوں سمیت  شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

متاثرہ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے سندھ حکومت، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سکھر کی شہری انتظامیہ اور  دیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر بنیادی و بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ سکھر کی سماجی تنظیمیں اس حوالے سے کئی باراحتجاجی مظاہرے کرچکی ہیں تاہم حکومتی ذمہ داران صرف یقین دہانی کرواکے احتجاج ختم کروا دیتے ہیں جبکہ مسائل اپنی جگہ جوں کے توں قائم رہتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر