پی ٹی آئی کی مقبولیت نے ن لیگ اور پی پی کو ملکر الیکشن لڑنے پر مجبور کردیا
29فیصد عوام نے تحریک انصاف کو پہلی ترجیح قرار دیدیا، پی ڈی ایم جماعتوں کی مقبولیت39 فیصد رہ گئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا پنجاب کے ضمنی الیکشن میں اتحاد کا فیصلہ، خواجہ آصف کا عام انتخابات میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خواہش کا اظہار

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جارحانہ سیاست اور امریکا مخالف بیانیے کے اثرات قومی سیاست پر آنا شروع ہوگئے۔ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپی نیئن ریسرچ (آئی پی او آر) کے حالیہ سروے میں تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت بن کر سامنے آگئی۔
تنہا پی ٹی آئی کی مقبولیت 29 جبکہ مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی،جے یو آئی (ف) اور ایم کیوایم کی مشترکہ مقبولیت39 فیصد رہ گئی۔مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے پنجاب میں ضمنی الیکشن مشترکہ طور پر لڑنے کا اعلان کردیا جبکہ لیگی رہنما اور وزیردفاع خواجہ آصف نے عام انتخابات میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خواہش کا اظہار کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
دہائیوں کے بعد گجرات کے چوہدری برادران سیاسی بنیاد پر بَٹ گئے
پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں بلدیاتی حلقہ بندیوں پر ڈیڈلاک
انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپی نیئن ریسرچ (آئی پی او آر) کا حالیہ سروے 24 مئی سے 3 جون کے دوران منعقد کیا گیاجس میں ملک بھر سے 2ہزار افراد نے شرکت کی ۔
سروے کے نتائج کے مطابق پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی مقبولیت 39 فیصد رہ گئی۔ سروے میں 29 فیصد افراد نے کہا کہ وہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کو ووٹ دیں گے جبکہ 25 فیصد نے ن لیگ کے حق میں رائے دی۔9فیصد افراد نے پیپلزپارٹی کو اپنی ترجیح قرار دیا۔
سروے میں 3فیصد افراد نے جے یو آئی ،3فیصد افرادتحریک لبیک،2 فیصد افراد نے جماعت اسلامی اور 2 فیصد افراد نے ایم کیوایم پاکستان کے حق میں رائے دی جبکہ ایک فیصد افراد نے اےاین پی کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیا۔
سروے میں ایک فیصد افراد نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رائے قائم کریں گے جبکہ 7 فیصد افراد نے کہا کہ وہ کسی جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے۔ دریں اثنا گرتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر مسلم لیگ ن نے پنجاب کے ضمنی انتخابات پیپلزپارٹی کے ساتھ مشترکہ طور پر لڑنے کا اعلان کردیا۔
میری خواہش ہے اور کہا بھی ہے کہ اس وقت حکومتی اتحادی اگلے الیکشن میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے۔ ضمنی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ مقبولیت کم ہوئی ہے مگر واپس بھی آسکتی ہے۔ عوام کو پتہ ہے ہمیں ورثے میں کیا ملا۔ خواجہ آصف#ASKKS #GeoNews pic.twitter.com/OVOq7ZEola
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) June 8, 2022
جیوز نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمااور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میری خواہش ہے اور کہا بھی ہے کہ اس وقت حکومتی اتحادی اگلے الیکشن میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے۔ ضمنی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ مقبولیت کم ہوئی ہے مگر واپس بھی آسکتی ہے۔ عوام کو پتہ ہے ہمیں ورثے میں کیا ملا۔
ہماری مقبولیت نیچے آئی ہے لیکن مقبولیت واپس بھی آجاتی ہے، جب حکومتی اقدامات کے نتائج آنا شروع ہوں گے ،ہمیں مسائل کا حل مل جاتا ہے او ردوست ممالک پاکستان کی امداد کرتے ہیں تو مقبولیت واپس آنا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔