امریکی سفیر کی پی ایس ایکس آمد ، گونگ پر ضرب لگا کر کاروبار کا آغاز کیا
ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے پی ایس ایکس کے کردار سے پاکستان اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری کے شعبوں کو مزید فروغ ملے گا۔
کراچی: امریکی سفیر کے دورے کے موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچنج کی جانب سے گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، امریکی سفیر نے امریکی وفد اور پی ایس ایکس کی ٹیم کی موجودگی میں گونگ پر ضرب لگا کر تجارتی دن کا آغاز کیا۔
پاکستان میں امریکا کے سفیرڈونلڈ بلوم نے پی ایس ایکس کا دورہ کیا، اس موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی جانب سے ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
ایس ای سی پی کی میوچل فنڈز کو اے کیٹیگری کے بینکوں میں سرمایہ کاری کی اجازت
زیروریٹڈ انڈسٹریز کے لیے بجٹ میں 20 ارب روپے مختص، مقامی انڈسٹری کو ہری جھنڈی
کراچی میں امریکی قونصل جنرل جناب مارک اسٹروہ اور ان کی ٹیم بھی امریکی سفیر کے ہمراہ تھی جنھیں ایکسچینج میں پی ایس ایکس کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر اور کاروباری برادری کے سینئر ممبران کی جانب سے خوش آمدید کہا گیا۔
امریکی سفیر نے امریکی وفد اور پی ایس ایکس کی ٹیم کی موجودگی میں گونگ پر ضرب لگا کر تجارتی دن کا آغاز کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وفد کی جانب سے امریکا اور پاکستان کی اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
انھوں نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی ترقی میں پی ایس ایکس کے کردار کی تعریف کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے امریکا اور پاکستان کے مابین کاروبار ، تجارت ، صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ گونگ تقریب کے سلسلے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کرنا خوش کن لمحہ ہے۔