پی ٹی آئی آج مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی
چیئرمین تحریک انصاف نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی اتوار کی رات 9 بجے مہنگائی کے خلاف ملکی سطح پر پُرامن احتجاج کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی کال پر ان کی پارٹی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کرے گی ، احتجاج کے موقع پر سابق وزیراعظم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے آج (اتوار) رات 9 بجے ملک بھر میں پُرامن احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف رات 10 بجے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کریں گے ، جہاں وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
صدر عارف علوی کا گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور
کے پی کے حکومت کے اخراجات میں کٹوتی کے احسن اقدامات
ہفتہ کو اپنی پارٹی کے ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا تھا کہ احتجاج میں قوم کے ساتھ مل کر مزید حکمت عملی طے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جبر اور طاقت عوام کو حق کی آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتی۔
اجلاس کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے پر اراکین بالخصوص سابق وزیر توانائی حماد اظہر کو مبارکباد دی۔
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قوم کو عالمی مہنگائی سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ "موجودہ حکومت کو عوام یا ملک کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "اگر معیشت غیر مستحکم ہوئی تو حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔”
عمران خان نے مزید دعویٰ کیا کہ "اتحادی حکومت صرف اپنے آپ کو بچانے کے لیے قوم کے مستقبل کو داؤ پر لگا رہی ہے۔”
سابق وزیراعظم نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ "حکومت خود کو اقتدار میں رکھنے کے لیے اداروں کو تباہ کر رہی ہے۔”
سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور سمیت بڑے شہروں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ’’بڑھتی ہوئی مہنگائی اور لاقانونیت‘‘ کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ "لوگ ملتان کے شاہ عباس چوک، فیصل آباد کے گھنٹہ گھر چوک، راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ، اسلام آباد کے ایف نائن پارک، لاہور میں لبرٹی چوک، کراچی میں شاہراہ قائدین میں احتجاج کریں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پیٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف اپنے اہل خانہ کے ساتھ احتجاج کریں۔”









