اداکارہ میرا کا مبینہ شادی کا معاملہ، عدم پیروی پر تکذیب نکاح کی اپیل خارج

اداکارہ میرا کی درخواست میں استدعا کی گئی کہ ہائیکورٹ تکذیب نکاح کیخلاف فیملی عدالت کی ڈگری اور سیشن عدالت کا حکم کالعدم قرار دے۔

اداکارہ میرا کی عتیق الرحمان سے مبینہ شادی کرنے کے تنازعہ کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل خارج کرنے کے حکم کے خلاف درخواست عدم پیروی پرخارج کردی ۔

جسٹس انوارحسین نے ارتضاء رباب عرف اداکارہ میرا کی اپیل پر سماعت کی، عدالت کی جانب سے باربار بلانے کے باوجود اداکارہ میراکے وکیل پیش نہ ہوئے، عدالت نے درخواست عدم پیروی پر خارج کردی، اداکارہ میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان کی جانب سے قیصرامین رانا ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب کا سیاسی بحران: وزیراعلیٰ حمزہ شہباز اور اسپیکر پرویز الہٰی کا متوازی سفر جاری

درخواستگزار اداکارہ میرا نے موقف اختیار کیا کہ دبئی میں فلم کی عکسبندی تھی، اس دوران عتیق الرحمان نے جھوٹا نکاح نامہ اور تصاویر تیارکیں، عتیق الرحمن نے پبلسٹی حاصل کرنے اور بلیک میل کرنے کیلئے جھوٹا نکاح نامہ تیار کیا، اداکارہ کو ٹرائل کورٹ میں گواہ پیش کرنے کا مناسب موقع فراہم نہیں کیا گیا، عتیق الرحمان نے ٹرائل کورٹ میں نکاح نامہ سے متعلق کوئی مصدقہ دستاویزات پیش نہیں کیں۔

اداکارہ میرا کی درخواست میں استدعا کی گئی کہ ہائیکورٹ تکذیب نکاح کیخلاف فیملی عدالت کی ڈگری اور سیشن عدالت کا حکم کالعدم قرار دے۔

خیال رہے کہ فیملی کورٹ نے 28 مئی 2018 کو عتیق الرحمان کا نکاح نامہ جھوٹا قرار دینے کا دعویٰ مسترد کیا تھا، بعد ازاں رواں سال سیشن کورٹ نے31 جنوری کو فیملی کورٹ کا فیصلہ برقرار  رکھتے ہوئے میرا کی اپیل خارج کی تھی۔

متعلقہ تحاریر