پی ٹی آئی اور نون لیگ کی درخواست پر اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کو  حلقہ بندیوں کا عمل 65 روز میں مکمل کر کے انتخابی شیڈول کا اعلان کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔ ای سی پی حکام کے مطابق 60 روز میں حلقہ بندیاں کرکے الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مسلم لیگ نون اور  پی ٹی آئی کی درخواستوں کی چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔

یہ بھی پڑھیے

مفتاح اسماعیل کو اگلے 2 روز میں چین سے 2.3ارب ڈالر ملنے کی امید

دوران سماعت الیکشن کمیشن حکام نے بلدیاتی انتخابات پر حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت وضاحتی موقف پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت  میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں۔

عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کتنے دنوں میں ممکن ہے؟جس پر  الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ 60  سے 65 دنوں میں الیکشن کرائے جاسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن  حکام نے  اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے حکم دیا  جائے کہ وہ آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے تعاون کرے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ  حلقہ بندیوں کا عمل 65 روز میں مکمل کر کے انتخابی شیڈول کا اعلان کرے۔عدالت نے ووٹ ایک وارڈ سے دوسرے وارڈ منتقل نہ کرنے کی ہدایت بھی دی ۔

خیال  رہے کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  کی  50 یونین کونسلز میں 31 جولائی کو انتخابات منعقد کرانے کا شیڈول 2 جون کو جاری کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر