ای سی پی نے وزیر اعظم کو کہوٹہ میں ڈیم کا افتتاح کرنے سے روک دیا

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے سے روک دیا۔

وزیر اعظم پاکستان کل 29جون کو کہوٹہ میں دریائے جہلم پر پاور پلانٹ کا افتتاح کرنے والے تھے۔

مذکورہ علاقہ حلقہ PP-7راولپنڈی کی حدود میں شامل ہے جہاں 17جولائی کو ضمنی انتخاب منعقد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

حمزہ شہباز کی حلف برداری کے خلاف درخواستوں پر سماعت کل تک ملتوی

اوورسیزپاکستانیوں کےووٹ کاحق، ہائی کورٹ سے آئینی ترمیم کے خلاف درخواست مسترد

صوبائی لیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر PP-7 علیم شہاب نے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر کوبذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیا اور آگاہ کیا کہ وزیر اعظم کا حلقہ انتخاب میں دورہ کرنا اور ترقیاتی منصوبے کا افتتاح ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر PP-7 علیم شہاب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ہر گز کسی قسم کی خلاف ورزی کو نظر انداز نہیں کرے گا اور قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پرنسپل سیکرٹری نے وزیر اعظم کا دورہ منسوخ ہونے کے بارے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو آگاہ کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب والے حلقہ میں عوامی عہدیداران کا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ طورپر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتا رہے گا.

متعلقہ تحاریر