سود کے حق میں اپیل واپس لی جائے، اسلامی نظریاتی کونسل کا وزیراعظم کو خط
اسلامی نظریاتی کونسل نے بینکوں کے سربراہان سے بذریعہ مراسلہ 23 مئی 2022 کو فیصلہ کے خلاف اپیل میں نہ جانے کی درخواست کی تھی
اسلامی نظریاتی کونسل نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے نام خط میں اپیل کی گئی ہے کہ بلا سود معیشت کے لیے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ بینک کی اپیل کو واپس لینے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے وزیر اعظم کو تجویز دی گئی ہے کہ حکومت، شریعت، معیشت اور قانون کے ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دے، جو سود سے متعلق فیڈرل شریعت کورٹ کے حالیہ فیصلے پر اسٹیٹ بینک کے تحفظات کا جائزہ لے کر فیصلے پر عمل درآمد کی راہ ہموار کرنے لیے سفارشات مرتب کرے۔
یہ بھی پڑھیے
ای سی پی نے وزیر اعظم کو کہوٹہ میں ڈیم کا افتتاح کرنے سے روک دیا
اتحادی روٹھ گئے مگر مضبوط” ایلفی“ سے جڑا اتحاد ٹوٹناممکن نہیں
آئینی ادارہ ہونے کی حیثیت سے اسلامی نظریاتی کونسل نے مجوزہ ٹاسک فورس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے بینکوں کے سربراہان سے بذریعہ مراسلہ 23 مئی 2022 کو فیصلہ کے خلاف اپیل میں نہ جانے کی درخواست کی تھی تاہم مؤرخہ 25 جون 2022 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی، جس کو پاکستانی عوام نے ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا،اور مختلف فورمز پر ردعمل ظاہر کیا۔
کونسل امید رکھتی ہے، کہ وزیراعظم پاکستان اس اپیل کو واپس لینے میں اپنا کردار ادا کریں گے، اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دیں گے۔ یہ حکومت اور ملک وملت کے لیے بہترین اقدام ہوگا۔









