چین سے مزید 100 بسوں کی آمد، یکم جولائی سے کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی

سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کیلئے چین سے مزید 100  بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہیں

صوبائی وزیراطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ پیپلزانٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کیلئے چین سے مزید 100  بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہیں۔ پیپلزبس سروس کے روٹ نمبر1 کے آغاز کے بعد یکم جولائی  سے  روٹ نمبر 2 پر لال بسیں دوڑتی نظر آئیں گی۔

سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ شرجیل انعام مین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روزپیپلز بس سروس کے روٹ نمبر 1 کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ یکم جولائی  سے  روٹ  نمبر 2 پر لال بسیں دوڑتی نظر آئیں گی۔  دو ماہ کے اندرکراچی کے تمام سات روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

بلاول بھٹو نے کراچی میں پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کا افتتاح کردیا

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے شہریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے پر تیزی سے گامزن ہے ۔ پیپلز بس سروس کے آغاز کے بعد بہت جلد اوورنگی کے شہریوں کےلئے اورنج لائن کا بھی آغاز کردیا جائے گا ۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ مجموعی طور پر پیپلز بس سروس کی 240 جدید بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں۔ کراچی کے شہریوں سے وعدہ ہے کہ ایک  سے دو سال میں پاکستان پیپلز پارٹی ہزاروں بسیں لائے گی ۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ  کا کہنا تھا کہ چین اور ترکی کی دو کمپنیوں سے کراچی میں بسوں کے مینیوفیکچرنگ پلانٹ لگانے پر پیش رفت ہوئی ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بسوں کا کریڈٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری پیپلز بس سروس کو کامیاب کریں اور ان کی حفاظت کریں ۔

متعلقہ تحاریر