حکومت کا طیبہ گل اسکینڈل پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ

مریم اورنگزیب نے کہا طیبہ گل کے معاملے پر کمیشن بنانے میں کوئی سیاسی مقصد نہیں بلکہ متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کرنا ہے

حکومت نے طیبہ گل اسکینڈل پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ طیبہ گل  کے معاملے پر آزاد اور شفاف انکوائری کمیشن بناکر  معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب  نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے طیبہ گل  کے معاملے پر آزاد اور شفاف انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔انکوائری کمیشن کی رائے کے مطابق معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف  کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

طیبہ گُل کو اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی تاریخ ، دن اور مہینہ یاد نہیں

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ طیبہ گل کے معاملے کی تحقیقات کے لیے  کمیشن بنانے کے پیچھے کسی بھی قسم کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں بلکہ خاتون کو انصاف  فراہم کرنا ہے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سے طبیہ گل کے ساتھ رابطہ کیا گیا توانہوں نے بتایا کہ انہیں اغوا کر کے 18 روز تک وزیراعظم ہاؤس میں رکھا گیا جبکہ ان سے تمام ثبوت لے لیے گئے۔ وزیراعظم ہاؤس سے چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے انہیں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔

خیال رہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں ہونے والی خاتون طیبہ گل سے متعلق بیانات منظر عام پر آئے تھے۔ اس موقع پر طیبہ گل نے ڈی جی نیب لاہور کی ایک مبینہ آڈیو بھی سنائی۔

طیبہ گل نے  چیئرمین نیب   جاوید اقبال  پر الزام عائد کیا تھا کہ مطالبات نہ ماننے کی وجہ سے اُن پر جھوٹے مقدمے بنائے گئے اور گرفتار کرکے  برہنہ ویڈیوز بنائی گئیں۔

طیبہ گل نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ میرے خلاف جھوٹا ریفرنس بنایا گیا جبکہ  اس حوالے سے نہ تحقیقات ہوئیں نہ ہی کوئی نوٹس جاری کیا گیا اچانک نیب نے مجھے حراست میں لے لیا۔

متاثرہ خاتون  نے کہا تھا کہ جب مجھے حراست میں لیا گیا تو ایک بھی خاتون اہلکار موجود نہیں تھی۔ ڈی جی نیب شہزاد سلیم مجھے ایک کمرے میں لے گئے تھے جہاں انہوں نے میری برہنہ وڈیو بنائیں اور میرے شوہر کو دکھائیں۔

ڈی جی نیب لاہور  میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم نے طیبہ گل کے الزامات  کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ طیبہ گل سے میری کبھی کوئی بات نہیں ہوئی اوو انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو جو آڈیو سنائی وہ غلط ہے۔اس  آڈیو میں میری بات نگہت بھٹی سے ہو رہی ہے۔

متعلقہ تحاریر