یورپ شدید گرمی کی پلیٹ میں آگیا، جنگلات میں آتشزدگی  کے واقعات

برطانیہ میں گرمی کا چالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، فرانس، پرتگال کے جنگلات میں آگ لگنے سے لاکھوں ایکٹر اراضی جل کر خاکستر ہوگئے

برطانیہ سمیت  یورپی ممالک میں گرمی کی شدت میں بے انتہا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ یورپ میں پڑنے والی گرمی نے گزشتہ کئی دہائیوں کے ریکارڈ ٹوٹ دیئے ہیں۔

بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق آج برطانیہ میں  درجہ  حرارت 40 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ میں 2019 میں سب سے زیادہ 38سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم آج  پہلی بار برطانیہ میں گرمی کی شدت   40 سینٹی گریڈ تک پہنچی ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

ایرانی فائر فائٹنگ طیارہ شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے میں مصروف

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے مغربی اٹلانٹک ساحلی شہر بریسٹ میں گرمی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ بریسٹ میں درجہ حرارت39.3 ریکارڈ کیا گیا جبکہ گرمی کی شدت سے جنگلات میں آگ بھی لگ گئی جس نے 620 ہیکٹر  اراضی جلا کر راکھ کردی ہے ۔

فرانس کے جنوب میں گارڈ ریجن کے جنگلاتی علاقے میں گزشتہ روز لگنے والی آگ   پر قابو پانے کے لیے ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹروں کی مدد سے 700 فائر فائٹرز  مصروف ہیں۔گورنریٹ آف گارڈ نے کچھ علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے ۔

فرانس کے  محکمہ شہری دفاع  کے  سربراہ آندرے فرنینڈس مطابق ملک کے شمال  میں جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاہم آگ  مزید پھیلنے کے  خد شات موجود ہیں۔

فرانس کے دیگر شہروں میں سینٹ بریوک میں درجہ حرارت 39.5  جبکہ نانٹیس میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گرمی کا 73 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

دوسری جانب پرتگال اور اسپین کے جنگلات میں شدید گرمی کے باعث آگ بھڑک اٹھی ہے۔  پرتگال میں جنگلات کا 75ہزار ایکڑ حصہ آگ کی لپیٹ میں آگیا۔متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

پرتگال میں موسمیاتی ادارے نے گرمی کی شدت میں اضافے   کی اطلاع دیتے ہوئے  درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی جبکہ موجودہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

متعلقہ تحاریر