دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال، پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری

بارشوں سے دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال ،گڈو کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ،سکھربیراج کے مقام پر بھی سطح آب تیزی سے بلند ہونے لگی ہے

ملک  بھر  میں جاری بارشوں سے دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال ،گڈو کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ،سکھربیراج کے مقام پر بھی سطح آب تیزی سے بلند ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے دریائے سندھ سمیت ملک بھر کے دریاؤں میں انتہائی اونچے اور اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

ملک بھر میں جاری مون سون کی بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں جہاں ایک سے ڈیڑھ ماہ قبل پانی کی شدید کمی تھی وہاں پر اب سیلابی صورتحال پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے۔ بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں سطح آب تیزی سے بلند ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

خیبر پختون خوا میں مون سون بارشوں سے تباہی، 50 مکانات تباہ ، 1 شخص جاں بحق

محکمہ آبپاشی حکام کے مطابق گذشتہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران گڈو بیراج پر 60 ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت گڈو بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ اسی طرح سکھر بیراج پر بھی سطح آب میں اضافہ ہورہاہے گڈو اور سکھر بیراج پر سطح آب میں تیزی سے اضافے کے باعث دونوں بیراجوں کے عین درمیان میں واقع کچے کا ایک بڑا علاقہ اور متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔

گڈو بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 73 ہزار 970 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 68 ہزار 886 کیوسک،سکھر بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 90 ہزار 528 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 69 ہزار 408 کیوسک ،کوٹری بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 95 ہزار 015 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔

ملک بھر میں جاری بارشوں کے سلسلے کے باعث محکمہ موسمیات نے دریائے سندھ سمیت ملک کے تمام دریاؤں میں انتہائی اونچے اور اونچے درجے کے سیلاب آنے کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے اور صوبوں و متعلقہ اداروں کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

 دوسری جانب محکمہ آبپاشی حکام نے بھی آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گڈو کے مقام پر درمیانے اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔

متعلقہ تحاریر