بلاول ہاؤس کی شادی پھولوں کی سیج نہیں ہوتی
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کو نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کے پرانے انٹرویو کی گونج ابھی باقی تھی کہ بلاول بھٹوکے بیان نے سکوت طاری کر دیا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کو نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
چند روز قبل مہوش حیات کا ایک انٹرویو یوٹیوب پر اپلوڈ ہوا تھا۔ انٹرویو میں میزبان نے ان سے مستقبل کے ساتھی سے متعلق سوالات کیے تھے۔ جن کے جواب میں مہوش حیات نے شوہر کے حوالے سے اپنی پسند بتائی تھی۔ مہوش حیات کو وہ مرد پسند ہیں جو دراز قد اور بااخلاق ہوں۔ گوری رنگت ان کے لیے ثانوی ہے۔ تاہم ان کی اولین ترجیح دراز قد ہے۔
جس پر میزبان کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں ایک ایسا ہی مرد ہیں جو پہلی بار رکن اسمبلی بھی بنے ہیں۔ مہوش حیات نے اس اشارے کو بلاول بھٹو زرداری سے منسلک کرتے ہوئے کہا کہ کہیں آپ بلاول بھٹو کی بات تو نہیں کر رہی ہیں؟
جس پر میزبان کا کہنا تھا کہ ان کا اشارہ بلاول کی جانب نہیں تھا لیکن اگر بلاول بھٹو زرداری ایسے ہیں تو اس پر مہوش حیات کو کیا پریشانی ہوگی؟ اور شادی کی بات بلاول بھٹو سے چلائیں تو انہیں کوئی اعتراض تو نہیں ہوگا؟
مہوش حیات نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ انہیں بلاول بھٹو سے کوئی مسئلہ نہیں اور نہ ہی کوئی اعتراض ہے۔ بلاول بھٹو اچھی شخصیت کے مالک ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ماہین خان اور عائزہ خان احتیاطی تدابیر کے دو رُخ
ابھی سوشل میڈیا پر اِس انٹرویو کی گونج تھی کہ اچانک بلاول بھٹو نے اپنے ایک انٹرویو میں مستقبل کے ساتھی کے حوالے سے بتایا کہ ان کی اہلیہ کا تعلق پاکستان سے ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی لڑکی کے لیے ان کی اہلیہ اور خاندان کا حصہ بننا بہت مشکل ہوگا۔ ان کی والدہ کے انتقال کے بعد ان کے اہلخانہ کے لیے معاملات بدل گئے ہیں۔ وہ آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں اور شادی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر اپنے بیان کے باعث مہوش حیات کو ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کے بعد انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کس سے شادی کریں گی یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہوگا۔ ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ وہ انٹرویو 2 سال پرانا ہے۔
Who I choose to marry is my personal decision & ppl will know when it happens! Take a chill pill guys & stop matchmaking!✋🏻Let’s not take a throwaway line in a 2-year-old interview out of context & make unnecessarily juicy headlines. Aur b gham hain zamane mein Shadi k siwaa! LOL
— Mehwish Hayat TI (@MehwishHayat) November 29, 2020