مفتاح اور ڈار میں تنازع:زرداری کے تجویز کردہ ظفر مسعود گورنر اسٹیٹ بینک کے مضبوط امیدوار

مفتاح اسماعیل نے عاصم معراج حسین جبکہ اسحٰق ڈار نے سابق ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور سعید احمد کےنام تجویز کیے تھے، لیگی رہنماؤں میں تنازع پیدا ہونے پر آصف زرداری نے ظفر مسعودکا نام تجویز کیا، ذرائع

گورنر اسٹیٹ بینک کے تقرر پر وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کے درمیان میچ پڑگیا۔ اسحٰق ڈار کی وطن واپسی  موخر ہونےسے مفتاح اسماعیل کی جان میں جان آگئی۔

  تاہم گورنر اسٹیٹ بینک کے لیے  سابق صدر آصف زرداری کے تجویز کردہ ظفر مسعود مضبوط امیدوار بن کر سامنے آگئے۔

یہ بھی پڑھیے

ای سی سی نے آئل کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ کردیا

صنعت کاروں کے لیے خوشخبری، خام مال سمیت متعدد امپورٹڈ اشیاء پر عائد پابندی ختم

مسلم لیگ نون اور اسکی اتحادی حکومت اب تک گورنر اسٹیٹ بینک کے نام  کا چناؤ نہیں کرسکی  ہے اور وفاقی کابینہ میں اس سلسلے میں  سمری پیش ہوتے ہوتے رہ گئی۔ پاکستا ن میں معیشت کے مقتدر حلقوں نے  نیوز  360 کو بتایا ہے کہ گورنراسٹیٹ بینک کے نام کے سلسلے میں     سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کے درمیان  اختلافات ہیں۔

   اس سلسلے میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے تجویز کردہ ناموں پر سابق وزریر خزانہ اسحٰق ڈار نے اعتراضات عائدکردیے ہیں تو دوسری جانب اسحٰق ڈار کے تجویز کردہ ناموں پر وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اعتراضات عائد کردیے ۔

ملک کے اعلی ٰترین مقتدر معاشی  حلقوں کے ذرائع کے مطابق  وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے عاصم معراج حسین جبکہ سابق وزیر خزانہ  اسحٰق ڈار نے سابق ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور آئی ایم ایف میں خدمات دینے والے سعید احمد کےنام تجویز کیے تھے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے  گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری کے لیے  سابق وزیر خزانہ  سلیم مانڈوی والا  اور  موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے مشاورت کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی تھی۔

ذرائع کے مطابق  وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور  سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے درمیان  اختلافات کی وجہ سے  سابق صدر آصف علی زرداری کے تجویز کردہ  ظفر مسعود کو گورنراسٹیٹ بینک بنانے کےلیے   کوششیں تیز ہوگئ ہیں اور ان کا نام  عاصم معراج حسین سے اوپر آگیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین  گورنراسٹیٹ بینک کی تقرری میں تاخیر پر اتحادی حکومت کو آڑھے ہاتھوں لے رہے ہیں اور  روز ڈالر کے دام بڑھنے کی بڑی وجہ گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری میں  تاخیر کو قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر