ایشیا کپ اور انگلیڈ ٹور کا شیڈول جاری، 28 اگست کو پاکستان اور انڈیا مدمقابل ہونگے
ایشیاء کپ کا سب سے بڑا اور دلچسپ مقابلہ 28 اگست کو پاکستان شاہینوں اور بھارتی سورماؤں کے درمیان کھیلا جائے گا ، پی سی بی نے بھی انگلینڈ ٹور کا شیڈول جاری کیا ہے

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) نے کافی تاخیر اور غور و فکر کے بعد ایشیا کپ کا شیڈول جاری کردیاہے ۔ پاکستان شاہین 28 اگست کو بھارتی سورماؤں کے مد مقابل ہونگے ۔
ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2022 کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ سری لنکا اورافغانستان کے درمیان 27 اگست کو کھیلا جائے ۔
یہ بھی پڑھیے
آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اپنی منگیتر سے شادی کرلی
ایشیاء کپ کا سب سے بڑا اور دلچسپ مقابلہ 28 اگست کو پاکستان شاہینوں اور بھارتی سورماؤں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ 27 اگست سے 11 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا اور یہ ٹورنامنٹ ٹی 20 فارمیٹ پر منعقد ہوگا۔
شیڈول کے اعلان سے قبل اے سی سی نے ایشیا کپ سری لنکا سے یو اے ای منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سری لنکا نے ملک میں جاری معاشی و سیاسی بحران کے پیش نظر ایشیا کپ 2022 کی میزبانی کرنے سے معذرت کی تھی۔
اے سی سی حکام کے مطابق سری لنکا کرکٹ کے صدر سے گفتگو کے بعد متفقہ طور پر وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین ایمریٹس کرکٹ بورڈ خالد الزرونی نے ایشیا کپ یو اے ای منتقل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ٹیمز کو خوش آمدید کہا تھا ۔
ایشیا کپ پہلی بار سال 1984 میں کھیلا گیا تھا جبکہ اس کا آخری ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں ODI فارمیٹ میں منعقد ہوا تھا۔آخری ایشیا کپ بھارت نے جیتا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے انگلینڈ کے پاکستان ٹور کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی20میچز کی سیریز 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ باقی تین میچز 28 ، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔









