وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ بچے کی کون سی خواہش پوری کردی؟

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک بچے شہباز شریف سے اپنے علاقے میں تعلیم کی ناکافی سہولتوں کا شکوہ کیا جس پر وزیراعظم نے بچے کے تعلیمی اخراجات حکومت کی جانب سے برداشت کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلعہ سیف اللہ کے دورے کے موقع پر ایک بچے کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خواہش ظاہر کرنے پر اس کے اعلیٰ تعلیم کے اخراجات سرکاری خرچ پر اٹھانے کی ہدایت کردی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چمن کے دوران سیلاب سے متاثرہ ایک بچہ علاقے میں تعلیمی سہولت کے فقدان کی شکایت کرتے ہوئے ، اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خواہش ظاہر کررہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی کا ممنونہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کرنے کا اعلان

پی ڈی ایم ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی خواہش کے برعکس اقتدار سے چمٹی ہے، نجم سیٹھی

بچے نے شکایت کی کہ ان کے علاقے میں تعلیم کی سہولت نہیں ہے اور خواہش ظاہر کی کہ  وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنے اہل خانہ ، غریب افراد اور معاشرے کی خدمت کرسکے۔

بچے نے یہ بھی شکایت کی کہ علاقے کے سرکاری اسکول کے اساتذہ وقت کی پابندی نہیں کرتے اور اسکول میں کسی اصول یا ضابطہ کی پابندی نہیں کی جاتی۔ طلبا کی جب مرضی ہوتی ہے آتے ہیں اور جب مرضی ہوتی ہے واپس چلے جاتے ہیں۔

بچے کی بات سن کر وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ حکومت اس بچے کو سرکاری سطح پر اعلیٰ تعلیم دلائے گی اور بچہ جس تعلیمی ادارے میں چاہیے گا اسے داخلہ دلایا جائے گا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر صارفین نے بچہ کو سرکاری سطح پر اعلیٰ تعلیم دلانے کے اعلان کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو بھی اعلیٰ تعلیم کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے دور دراز علاقے کے کم عمر بچے نے جس طرح پر اعتماد طریقے سے وزیراعظم تک حصول علم کی خواہش پہنچائی وہ بھی قابل تقلید ہے۔

اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے بھی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے لکھاکہ "اس بلوچ بچےکی ایک ہی خواہش ہےاس نے اچھی تعلیم حاصل کرنی ہے۔گھربارسب سیلاب میں ڈوب گیا،اس بچےکے بنیادی انسانی حقوق پورےکرنےمیں ریاست 75سالوں سے ناکام کیوں رہی۔”

انہوں نے لکھاکہ "وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرہ بلوچستان کا دکھ بانٹ کر ریاست کا معمولی سا قرض اور فرض ادا کیا ہے؛ بہت کرنا باقی ہے۔”

اینکر جاوید اقبال نے بھی وزیراعظم اور بچے کی گفتگو پر مبنی ویڈیو ٹوئٹر پر شئیر کی اور لکھا کہ ‏”بلوچستان میں ایک بچے نے وزیراعظم شہبازشریف سے اپنی تعلیم سے متعلق بات کرنا چاہی۔۔۔وزیراعظم نے بچے کی بات سنی اور فوری اس بچے کی تعلیم کے لئے حکام کو ہدایات جاری کر دیں۔”

ایک صارف نے غریدہ فاروقی کی تصحیح کی کہ ‏‎یہ لڑکا بلوچ نہیں ہے بلکہ پشتون اور بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھتا ہے۔

ایک صارف سید زادہ نے لکھا کہ "‏‎ہر بچے کا خواب ہے وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرے اور ہر ماں باپ کی خواہش ہے اسکا بچہ اچھے سے اچھے اسکول میں تعلیم حاصل کرے لیکن خدا کہ طرف سے بے پناہ نعمتوں کے باوجود بلوچستان کے لوگ اس سے محروم ہیں۔”

متعلقہ تحاریر