قاضی احمد میں ہندو نوجوان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
آصف زرداری کے آبائی شہر نواب شاہ کے علاقے قاضی احمد میں ہندو نوجوان کنیا لعل بھیل کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف مقتول کی بوڑھی والدہ دیوی کماری سمیت دیگر لواحقین نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا

ضلع نواب شاہ کے شہر قاضی احمد میں 22 روز قبل بھیل برادری سے تعلق رکھنے والے ہندونوجوان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر مقتول کے لواحقین کی جانب سے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کے آبائی شہر نواب شاہ کے علاقے قاضی احمد میں بھیل برادری کے ہندو نوجوان کنیا لعل بھیل کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف مقتول کی بوڑھی والدہ دیوی کماری سمیت دیگر لواحقین نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
قاضی احمد اسپتال میں ڈاکٹرز اور دواؤں کی کمی پر پیرا میڈیکل اسٹاف کا احتجاج
بھیل برادری کے رہنماؤں مٹھو جامن، داس شمبو، مہران، رتن کمار بھیل اور دیگرافراد کی جانب سے قاضی احمد پریس کبل کے باہر 22 روز قبل قتل ہونے والے کنیا لعل بھیل کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے میں حکومت ،پولیس اور انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی ۔ اس موقع پر مقتول کنیالعل کی والدہ دیوی کماری نے کہا کہ میرا جوان بیٹا کنیا لعل بھیل گھر کا واحد کفیل تھا جسے برادری کے با اثر شخص پرکاش کمار جگو مل اور دولت مل نے قتل کیا ۔
مقتول کی والدہ دیوی کماری نے بتایا کہ بھیل برادری کے با اثر افراد پرکاش کمار جگومل اور دولت مل نے میرے بیٹے کنیا لعل بھیل کو قتل کرکے مال پیڑی میں کھڑے برساتی پانی میں پھینک دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف قاضی احمد تھانے میں مقدمہ درج ہے جبکہ پولیس اصل قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہے۔
مقتول کنیا لعل کے والدہ کا کہنا تھا کہ قاتل ہمیں مقدمہ واپس لینے کے لیے دھمکیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے ایس ایس پی نواب شاہ اور اعلیٰ افسران سے قاتلوں کی گرفتاری اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔









