فیصل واوڈا اداروں اور عمران خان کے درمیان فاصلے مٹانے کیلیے متحرک
پی ٹی آئی رہنما نے ملکی سلامتی کے اہم ادارے کے اہم افسر کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو استعمال میں لاتے ہوئے عمران خان کیلیے گنجائش پیدا کرنے کی کوششیں شروع کردیں،ذرائع: سیاسی موسم بدلنا شروع، عمران خان کیلیے کردار ادا کرتا رہوں گا، فیصل واوڈا
تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا چیئرمین پی ٹی آئی عمران اور اداروں کے درمیان دوریاں مٹانے کیلیے سرگرم ہوگئے۔
فیصل واوڈا نے اہم دفاعی ادارے کے اہم ترین افسرکے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے سابق وزیراعظم اور اداروں کے درمیان تعلقات کی بحالی کیلیے کردار ادا کرنا شروع کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
انسداد دہشتگردی کی عدالت سے عمران خان کی ضمانت منظور کرلی
چین نے عمران خان پر سی پیک منصوبوں کو نقصان پہنچانے کا الزام مسترد کردیا
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق ملکی سلامتی کے اہم ادارے کےانتہائی اہم اور بااثر افسر کے کراچی میں اہم عہدے پر تعیناتی کے دوران فیصل واوڈا سے اچھے مراسم تھے۔ فیصل واوڈا انہی مراسم کو استعمال میں لاتے ہوئے عمران خان کیلیے گنجائش پیدا کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد فیصل واوڈا سیاسی منظر نامے سے غائب ہوگئے تھے تاہم گزشتہ ہفتے 20 اگست کو اسلام آباد کے ایف9 پارک میں منعقدہ پی ٹی آئی کے جلسے میں فیصل واوڈا اچانک نمودار ہوئے تھے۔
اسی جلسے میں عمران خان نے نیوٹرلز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی خاتون جج زیبا چوہدری، آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کو مبینہ طور پر دھمکیاں دی تھیں جس پر ان کیخلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
نیوز360 کے ذرائع کے مطابق عمران خان کیخلاف دہشت گردی کے مقدمے کے اندراج کے بعد فیصل واوڈا فوری حرکت میں آئے اور ملکی سلامتی کے اداروں اور عمران خان کے درمیان دوریاں ختم کرانے کیلیے متحرک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا کو ابتدائی کوششوں میں ہی اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کے اثرات مستقبل قریب میں نظرآنا شروع ہوجائیں گے۔فیصل واوڈا نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹ میں بھی اپنی کوشش کے بارآور ثابت ہونے کا اشارہ دیا ہے۔
سیاسی موسم بدلنا شروع۔ پاکستان اور عمران خان کیلئے کردار ادا کرتا رہا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا- انشااللہ
— Faisal Vawda (@FaisalVawdaPTI) August 24, 2022
فیصل واوڈا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ سیاسی موسم بدلنا شروع۔ پاکستان اور عمران خان کیلئے کردار ادا کرتا رہا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا، انشااللہ۔
واضح رہے کہ فیصل واوڈا کے دعوے کے فوری بعد آج انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی یکم ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔









