ٹیلی تھون کی بھرپور کامیابی پر چوہدری پرویز الٰہی کی عمران خان کو مبارکباد
عمران خان دھرتی کا بیٹا ہے اور اس نے دھرتی کی مٹی کا حق ادا کیا ہے،عمران خان کی کامیابی ہی پاکستان کی جیت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے پلان کے بارے میں بریف کیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی کے لئے کامیاب ترین ٹیلی تھون پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مبارکباد دی اور کہاکہ قوم خصوصا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
انجلینا جولی کی نقل اتارنے پر سوشل میڈیا پر مریم نواز کی ٹرولنگ
نواز شریف کے ترجمان نے عمران خان پر دہشتگردی کے مقدمے کو غلط قرار دیدیا
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا عمران خان کی آواز پر قوم نے لبیک کہا۔ عمران خان کی اپیل پر اربوں جمع ہونا ثابت کرتا ہے کہ عوام کو ان کی قیادت پر غیرمتزلزل اعتماد ہے۔ ان کا کہنا تھا عمران خان دھرتی کا بیٹا ہے اور اس نے دھرتی کی مٹی کا حق ادا کر دیا ہے۔ عمران خان نے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد و بحالی کے لئے فنڈ جمع کرنے میں پہل کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا عمران خان کی نیت نیک اور سمت درست ہے۔ اللہ تعالیٰ بھی نیک نیتی کا پھل دیتا ہے۔ عمران خان کی کامیابی ہی پاکستان کی جیت ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں متاثرین سیلاب کی جلد از جلد آباد کاری کے لیے پر عزم ہیں۔ سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی امداد میں وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔