بھارتی تاجر گوتم اڈانی دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بن گئے
اڈانی کے اثاثوں کی مالیت 137.4ارب ڈالر تک جاپہنچی، رواں سال ان کی دولت میں 60 ارب ڈالر کا اضافہ ہوچکا، بلوم برگ بلین ایئر انڈیکس میں ایلون مسک کی پہلی اور جیف بیزوز کی دوسری پوزیشن برقرار

بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بن گئے۔
گوتم اڈانی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ایشیائی باشندے ہیں جنہوں نے فرانس سے تعلق رکھنے والے برنارڈ آرنلٹ کو پیچھے چھوڑ کر یہ مقام حاصل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پے پال کے سربراہ پیٹرل تھل کی پہلی مرتبہ پاکستانی کمپنی میں سرمایہ کاری
آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکج پاکستانی روپے کو مضبوط کرنے لگا
بلومبرگ بلین ائیر انڈیکس کے مطابق گوتم اڈانی 137.4 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
بھارتی تاجر کے اثاثوں میں 2022 کے دوران اب تک 60 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوچکا ہے اور جولائی میں انہوں نے بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
بندرگاہوں اور ایرو اسپیس سے لے کر تھرمل توانائی اور کوئلے کی کان کنی کے شعبے سے وابستہ اڈانی گروپ کے بانی گوتم اڈانی ایشیا کے امیر ترین شخص بھی ہیں۔
ایلون مسک 251 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جبکہ ایمازون کے بانی جیف بیزوس 153 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
برنارڈ آرنلٹ 136 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے جبکہ بل گیٹس 117 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 5 ویں امیر ترین شخص ہیں۔









