مجھے کچھ ہوا تو رجیم چینج کے چار کرداروں کو عوام نہیں چھوڑے گی، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ مجھ پر مختلف قسم کے مقدمات درج کروا کر مجھے نااہل کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان  نے کہا ہے کہ رجیم چینج کے چار کرداروں نے میرے خلاف کمرے میں منصوبہ بنایا ، ان چاروں کرداروں کے نام ایک ویڈیو میں ریکارڈ کروا کر رکھ دیئے ہیں ، اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ ویڈیو منظر عام پر آجائے گی، اور پھر قوم ان چار کرداروں سے خود انتقام لے گی۔

سرگودھا میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک بڑے جلسے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا گلگت بلتستان ، کشمیر ، خیبر پختون خوا اور پنجاب میں ہماری حکومت ہے اگر میں چاہوں تو ایک دن میں سارا ملک بند کرسکتا ہوں ، مگر ملک کی خاطر ایسا نہیں کررہا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں سیلاب سے 30 لاکھ بچے اور حاملہ خواتین شدید خطرے میں ہیں، یونیسیف

جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا عوام اپنے بچوں کا سوچیں ، خود فیصلہ کریں کہ آپ کو کون سے قیادت چاہیے۔ ملک کا مفاد سوچیں ، قوم کا سوچیں ، ذاتی مفادات کا نہ سوچیں ، ملک تباہ ہوتا جارہا ہے۔

اپنے خطاب میں دعویٰ کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہناتھا میں دعوے سے کہتا ہوں یہ لوگ میچ ہار چکے ہیں، میری پارٹی کو جتنا زیادہ دبایا جائے گا میری پارٹی اتنا اوپر آئے گی۔ یہ لوگ جو مرضی حربہ آزما لیں یہ میچ جیت نہیں سکتے۔

صحافیوں پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کہنا تھا کہ لفافی صحافی اب ذرا لوگوں سے پوچھیں جو دن رات بازاروں میں ہوتے تھے۔ پیسے لینے والے میڈیا چینلز ذرا لوگوں سے پوچھیں ان پر کیا گزر رہی ہے ، آج ذرا سوچ کر بتائیں بجلی کے بل دیکھ کر جھٹکا لگتا ہے ، یہ لوگ کہتے تھے عمران خان نے مہنگائی کردی ہے۔ جب ہم گئے تو مہنگائی 18 فیصد تھی اج مہنگائی 45 فیصد پر پہنچ گئی ہے ، چار ماہ میں دیکھ لیں مہنگائی کا گراف کہاں پہنچ گیا ہے، میرے پاکستانیوں ہمیں ایسے لوگوں کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑنا ہے۔

میاں نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ، جب پوچھا جاتا ہے کہ بچوں کی اربوں روپے کی جائیدادیں کہاں سے آئیں ، تو نواز شریف کے بچے کہتے ہیں ہم سے ہماری جائیدادوں کا نہ پوچھو کیوں کہ ہم پاکستانی نہیں ہیں ،

مختلف قسم کی ایف آئی آرز بنا کر ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے ، ان کی صرف ایک کوشش ہے کہ عمران خان کی آواز کو دبا دیا جائے ، پھر ایک اور سازش تیار کی گئی عمران خان کو کسی طرح سے جیل میں ڈالا جائے ، میرے کیس کے بعد سب حکمرانوں کا توشہ خانہ کیس سنا جائے ، چیلنج کرتا ہوں توشہ خانہ کیس کھلی عدالت میں سنا جائے ، توشہ خانہ کیس میں انہوں نے مجھے نااہل کروانے کی کوشش کی ، پھر کہتا ہوں شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی چارا نہیں ہے ، یہ لوگ ملک کو جس طرف لے کر جارہے ہیں طاقت رکھنے والوں کو کیا فکر نہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا ہم تین گھنٹے کی ٹیلی تھون میں سیلاب متاثرین کے لیے 550 کروڑ روپے اکٹھے کیے ، ٹیلی تھون میں انہوں نے دیکھ لیا فارن فنڈنگ کیسی ہوتی ہے ، چیف الیکشن کمشنر کو کہا گیا کہ عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں نااہل کیا جائے ، شہباز اگر تم سیلاب متاثرین کے لیے سنجیدہ ہوتو اپنا اور اپنے بھائیوں کو پیسہ واپس لے آؤ ، شہباز شریف تصویریں کھنچھوانے کے لیے ہیلی کاپٹر سے سیلاب متاثرین کے لیے تھیلے پھینکتا ہے۔

حلیم عادل شیخ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا سندھ کا اپوزیشن لیڈر ایک کیس سے نکلتا تو دوسرے کیس میں گرفتار کرلیا جاتا ہے ، ایک ہی مقصد ہے کسی طرح سے عمران خان کو راستے سے ہٹایا جائے ، میرے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرنے پر دنیا بھر میں پاکستان کا مذاق اڑایا جاتا ہے ، قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتا ہوں تو میرے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات قائم کردیئے جاتے ہیں۔ مدینہ میں نعرے کوئی لگاتا ہے اور توہین مذہب کا مقدمہ مجھ پر قائم کردیا جاتا ہے۔ 27ویں شب کو ہم شب دعا منا رہے تھے، جب ہم نے شب دعا ختم کی تو پتا چلا مدینہ میں ان پر چور چور کے نعرے لگ گئے ہیں۔ ہمیں کیا پتا چیری بلاسم اپنی ٹیم لے کر مدینہ چلا جائے گا،

متعلقہ تحاریر