ملک میں تباہ کن سیلاب کے باجود حمزہ شہباز کا وطن واپسی سے گریز

حمزہ شہباز بیٹی کی خرابی صحت کےباعث 4 اگست کو لندن روانہ ہوئے تھے، جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود واپس نہیں آئے،7 ستمبر کو منی لانڈرنگ کیس میں عائد ہونے والی فرد جرم بھی حمزہ شہباز کی واپسی میں تاخیر کی وجہ ہوسکتی ہے، تجزیہ کار

مسلم لیگ ن  کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں  کے باوجود وطن واپسی سے گریزاں ہیں ۔

تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے باعث پاکستان کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوبا  ہوا ہے۔خصوصاً جنوبی پنجاب میں لوگوں کی جان ومال اور فصلوں کو پڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ،  وفاقی و صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں میں مصرو ف ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مجھے کچھ ہوا تو رجیم چینج کے چار کرداروں کو عوام نہیں چھوڑے گی، عمران خان

شوکت ترین کی طرح عمران خان کیخلاف بھی ثبوت تیار ہیں، عمر چیمہ کا دعویٰ

تاہم مسلم لیگ (ن) پنجاب کے رہنما حمزہ شہباز عوامی منظر نامے سے غائب ہیں اور وہ اب بھی سیلاب کی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے لندن سے پاکستان واپس آنے سے گریزاں ہیں۔ صرف مریم نواز مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ساتھ پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کرتی نظر آرہی ہیں۔

حمزہ 4 اگست کو ایک نجی ایئرلائن کے ذریعے نجی دورے پر لندن روانہ ہوئے تھے جب   ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انہیں وزیراعلیٰ کا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔   عدالتی فیصلے کی روشنی میں پرویزالہٰی نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تھا۔

حمزہ شہباز کی لندن روانگی کے بعد سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ حمزہ شہباز  کی بیٹی سماویہ دل کے عارضے میں مبتلاہونے کےبعد لندن کے اسپتال میں داخل تھیں اور حمزہ انہی کی عیادت کے لیے لندن گئے تھے۔

دریں اثنا حمزہ شہباز اور ان کے والد وزیر اعظم شہباز شریف کو  7 ستمبر کو لاہور کی خصوصی عدالت میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم کا سامنا کرنے کی توقع ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ پوری سیاسی قیادت اس وقت ملک کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہی ہے اور ملاقاتیں کر رہی ہے لیکن  پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے دعویدار حمزہ شہبازعہدے سے ہٹتے ہی بیرون ملک جابیٹھے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ حمزہ شہباز پنجاب اور اہل پنجاب سے مخلص ہیں تو انہیں پاکستان آکر جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی خدمت میں جت جانا چاہیے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزارت اعلیٰ سے برطرفی کے فوری بعد حمزہ کی   لندن روانگی  منی لانڈرنگ کیس میں رواں ہفتے عائد ہونے والی فردِ جرم بچنے کا حربہ بھی ہوسکتی ہے۔

متعلقہ تحاریر