محکمہ ریلوے کا عوام کی سہولت کیلئے دو ریل کاریں چلانے کا فیصلہ
ترجمان محکمہ ریلوے کے مطابق دونوں ریل کاریں لاہور۔راولپنڈی۔لاہور چلائی جائیں گی۔
پاکستان ریلوے نے عوام کی سہولت کے پیش نظر لاہور۔راولپنڈی۔لاہور کے درمیان دو نئی ریل کار ٹرینیں روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان محکمہ ریلوے کے مطابق پہلی نان اسٹاپ ریل کار (510 اپ) رواں ماہ یعنی 9 ستمبر سے چلنا شروع ہوگی جو روزانہ رات 7 بج کر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہو کر رات 11 بج کر 40 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے عوام 20 کلو آٹے کا تھیلا 2140 روپے میں خریدنے پر مجبور
شہباز حکومت کا غریب عوام پر ایک اور وار ، یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء مزید مہنگی
ترجمان محکمہ ریلوے کے مطابق اسی طرح راولپنڈی سے نان اسٹاپ ریل کار ( 110 ڈاؤن) روزانہ رات 7 بج کر 30 منٹ پر راولپنڈی سے روانہ ہوکر رات 11 بج کر 40 منٹ پر لاہور پہنچا کرے گی۔
محکمہ ریلوے کے کہنا ہے دوسری ریل کار (117 اپ) بھی 6 ستمبر سے چلے گی جو روز لاہور سے صبح 5 بجے روانہ ہوکر گوجرانوالہ ، جہلم پر اسٹاپ کرتی ہوئی صبح 9 بجکر 25 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔ اسی طرح 6 ستمبر سے روزانہ راولپنڈی سے ریل کار (118DN) صبح 5 بجے روانہ ہوکر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی صبح 9 بج کر 25 منٹ پر لاہور پہنچا کرے گی۔
ترجمان محکمہ ریلوے کے مطابق دونوں ریل کاریں دو اے سی بزنس کلاس، دو اے سی سٹینڈرڈ کلاس، پانچ اکانومی کلاس اور ایک پاور وین پر مشتمل ہوں گی۔









