اداکارہ ریشم کو دریا کو آلودہ کرنے پر تنقید کاسامنا

اداکارہ نے چارسدہ کے متاثرین سیلاب میں امدادی اشیا تقسیم کیں اور واپسی پر دریا پر قائم ایک پل پر گاڑی روک کر نیچے مچھلیوں کو کھانا اور تھیلیاں بھی دریا میں پھینک دیں۔

رحم دل اور غریب پرور کے طور پر شہرت رکھنے والی اداکارہ ریشم کو مچھلیوں کو کھانا کھلانے کیلیے دریا کو آلودہ کرنے پر شدید تنقید کاسامنا ہے۔

اداکارہ ریشم نے سیلاب زدگان تک امداد پہنچانے کیلیے چارسدہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ترک اداکار سلال ال سیلاب زدگان کی مدد کیلیے پاکستان چلے آئے

قرۃ العین بلوچ نے بلاول بھٹو سے 1.3کھرب کی عالمی امداد کا حساب مانگ لیا

اداکارہ نے چارسدہ کے متاثرین سیلاب میں امدادی اشیاتقسیم کیں اور واپسی پر  دریا ایک پل پر گاڑی روک کر نیچے دریا میں  موجود مچھلیوں کو کھانا کھلانے کا بھی فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے مچھلیوں کیلیے گوش اور ڈبل روٹی دریا میں ڈالی تاہم لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گوشت اور ڈبل روٹی کی تھیلیاں بھی دریا میں پھینک دیں۔واضح رہے کہ پولی تھین بیگز آبی حیات کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں اور انہیں مچھلیوں اور دیگر آبی حیات کیلیے زہر قاتل تصور کیا جاتا ہے۔

دریا میں آلودگی کا باعث بننے پر سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اداکارہ ریشم نےپیر کو  وفاقی محتسب کے ریجنل کمشنر  رباب مہدی کی دعوت پر ضلع چارسدہ کا دورہ کرکے متاثرین سیلاب میں امداد اشیا تقسیم کی تھیں۔

اداکارہ نے متاثرین میں دودھ،خشک میوہ جات اور بچوں کیلیے چپس اور منرل واٹر کی بوتلیں تقسیم کی تھیں۔اس موقع پر اداکارہ نے 2ہزار سے زائد افراد میں پکاپکایا کھانا بھی تقسیم کیا تھا۔

اس موقع پر اداکارہ نے کہا کہ وہ سردیوں میں بھی متاثرین سیلاب کی امداد جاری رکھیں گی اور ان کے خوردنی اور غیر خوردنی اشیا کا انتظام کریں گی۔

متعلقہ تحاریر